نوازشریف کوانکی مرضی کا علاج فراہم کیا جاہے، وزیراعظم کی ہدایت


اسلام آباد(زمینی حقائق ) وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کیلئے صحتیابی کی دعا کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ میں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہدایت دی ہے کہ نواز شریف کو ان کی مرضی کے مطابق علاج فراہم کرنے کیلئے ملک میں موجود تمام اسپتالوں کی دستیابی یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت جہاں بھی ضرورت پڑے گی معاونت فراہم کرے گی اور میری دعا ہے کہ انہیں صحتیابی میسر آئے۔

اس سے قبل وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ نواز شریف کو علاج کی بہترین سہولتیں دی جائیں۔

وہ جس ڈاکٹر یا اسپتال سے علاج چاہتے ہیں انہیں وہاں منتقل کیا جائے اور میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں اور وہ عارضہ قلب میں مبتلا ہیں۔

کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم نوازشریف کی گزشتہ روز طبعیت بگڑ گئی تھی جس پر انہیں اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن نوازشریف نے اسپتال جانے سے انکارکردیا تھا۔

گزشتہ دنوں اپنے بیان میں نواز شریف نے کہا تھا کہ حکومت کا تضحیک آمیز رویہ قبول نہیں اور انہیں ایک سے دوسرے اسپتال گھمایا جارہا ہے۔

Comments are closed.