موٹروے زیادتی، ملزم کا ڈی این اے میچ کرگیا، شہباز گل کی تصدیق

فوٹو : فائل

لاہور (ویب ڈیسک )موٹروے زیادتی کیس میں ملزم کے ڈی این اے میچ کر گیا ہے اور اس کی تصدیق وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے بھی کر دی ہے جس کے بعد رپورٹ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو پیش کر دی گئی ہے ۔

ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کا ڈی این اے متاثرہ خاتون سے میچ کر گیا ہے۔شہباز گل نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، آئی پنجاب،سی سی پی او لاہور اور ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ انشاللہ جلد گرفتاری بھی ہوگی۔عوام کو پتہ ہو کہ رات 4 بجے تک عثمان بزدار میٹنگ میں تھے آئی جی اورسی سی پی او کے ساتھ۔وزیراعلیٰ نے پورے کیس کی خود مانیٹرنگ کی ہے۔

موٹروے زیادتی کیس کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو پیش کردی گئی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کو جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موٹر وے زیادتی کیس میں ایک ملزم کی شناخت ہوگئی ہے،ملزم عابد ملہی فورٹ عباس کا رہائشی ہے.

ملزم کی شناخت ڈی این اے میچ ہونے کی بنا پر ممکن ہوئی، خاتون کے لباس سے ڈی این اے میچ ہونے والے ملزم کا پہلے بھی کریمنل رکارڈ ہے .

ملزم کا ڈی این اے 2013ء کے ڈیٹا بیس سے میچ ہوتا، تاہم عابد ملہی کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا اس مقصد کیلئے سی ٹی ڈی کی طرف سے کارروائی کی جارہی ہے ۔

یاد رہے9 ستمبر کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیاتھا جب دو افراد نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو نکالا، موٹر وے کے گرد لگی جالی کاٹ کر سب کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور پھر خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

واقعہ کے بعد درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی خاتون رات کو تقریباً ڈیڑھ بجے اپنی کار میں اپنے دو بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ واپس جا رہی تھی کہ رنگ روڈ پر گجر پورہ کے نزدیک اسکی کار کا پیٹرول ختم ہو گیا۔

پٹرول ختم ہونے کے باعث موٹروے پر گاڑی روک کر خاتون شوہر کا انتظار کر رہی تھی، پہلے خاتون نے اپنے ایک رشتے دار کو فون کیا، رشتے دار نے موٹر وے پولیس کو فون کرنے کا کہا، اس دوران خاتون نے موٹروے پولیس کو بھی فون کیا مگر موٹر وے پولیس نے مبینہ طور پر کہا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق اتنی دیر میں دو مسلح افراد موٹر وے سے ملحقہ جنگل سے آئے اور گاڑی کا شیشہ توڑ کر زبردستی خاتون اور اس کے بچوں کو نزدیک جنگل میں لے گئے جہاں ڈاکوؤں نے خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

بعد ازاں خاتون کی حالت خراب ہونے پر اسے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ خاتون کی طبی ملاحظے کی رپورٹ فرانزک کے لیے بھجوا دی گئی ہے جبکہ خاتون کے رشتے دار کی مدعیت میں پولیس نے مقدمہ درج کیا،پولیس کے مطابق زیادتی کا شکار خاتون کے میڈیکل ٹیسٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہوئی ہے۔ 

Comments are closed.