مودی کوایوارڈ دینےپر چیئرمین سینٹ نےمتحدہ عرب امارات کا دورہ منسوخ کر دیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی  کومتحدہ عرب امارات کی جانب سے  اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیئے جانے پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے یواے ای کا دورہ منسوخ کر دیا۔

صادق سنجرانی کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ چار روزہ سرکاری دورے پر گزشتہ روز یو اے ای کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن یو اے ای کی حکومت کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینےپر یہ دورہ منسوخ کیا گیا۔

سینیٹ سیکریٹریٹ کے مطابق چئیرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کرتا ہے،ایسے حالات میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کشمیریوں کی دل آزاری کا سبب بنے گا۔

انھوں نے کہامودی حکومت کشمیری مسلمانوں پر ظلم و بربریت کر رہی ہے اور مودی سرکار نے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کررکھا ہے۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ کشمیری بہن بھائی محصور ہوں اور میں یو اے ای کا دورہ کروں۔

انہوں نے بتایا کہ دورہ پہلے سے طے شدہ تھا اور تین بجے ہماری پرواز تھی لیکن مودی کو ایوارڈ ملنے کے بعد ہی یو اے ای جانا اور حکام سے ملنا مناسب نہیں تھا، کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجاً دورہ منسوخ کیا۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی کشمیریوں پر مظالم ڈھائے اورایسے وقت میں اسے ایوارڈ دیا جائے اس پر دکھ ہوا ہے۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ نریندر مودی کشمیریوں پر ظلم و بربریت میں ملوث ہے اور اپنے فیصلے سے یو اے ای کے سفیر کو آگاہ کر دیا ہے۔

Comments are closed.