ملتان نے کوئٹہ پلے آف سے آوٹ کردیا،پوری ٹیم73پر ڈھیر


ابوظہبی ( سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ چھ کے ایک اہم میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 110 رنز سے ہرا کر پلے آف مرحلے سے باہر کردیا۔

ابوظبی میں کھیلے گئے 25 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 184 رنز کا ہدف دیا تھا جواب میں گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 12.1 اوورز میں صرف 73 رنز پر ڈھیر ہو گئی،صرف13رنز بنانے والے گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز بے بسی کی تصور بن گئے۔

گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی،سلطانز نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے انہیں 72 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، محمد رضوان 23 گیندوں پر 21 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔

صہیب مقصود افغان اسپنر ظاہر خان کی وکٹ بن گئے۔ دوسرے اینڈ سے شان مسعود نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور تیسری وکٹ کے لیے 37 رنز کی شراکت قائم کی۔

اس مرحلے پر شان مسعود، حسان خان کو دو چھکے لگانے کے بعد تیسرا بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں باؤنڈری پر آسان کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 42 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقی بلے باز رائلی روسو صرف دو رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ اس موقع پر جانسن چالرس اور خوشدل شاہ نے پانچویں وکٹ کے لیے تیز رفتاری سے رنز اسکور کرتے ہوئے 42 رنز کی شراکت قائم کی۔

جانسن چارلس نے 24 گیندوں پر 47 رنز بنائے جس میں دو چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے، گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خرم شہزاد دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کے لیے اوپنرز نے اننگز کی سب سے بڑی 27 رنز کی شراکت قائم کی، عمران خان نے جیک ویدرلڈ کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی اور ایک گیند بعد ہی کیمرون ڈیلپورٹ کو بھی آوٹ کردیا۔

اس کے بعد گلیڈی ایٹرز یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے رہے۔ عثمان خان وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں رن آؤٹ ہوئے، اعظم خان صرف 2 رنز بنا سکے،کپتان سرفراز احمد بھی 13 رنز بنا کر سہیل تنویر کو وکٹ دے بیٹھے۔

نواز دو چوکے لگانے کے بعد رن آوٹ ہو گئے، عمران طاہر نے عمدہ سپیل کرتے ہوئے تین وکٹیں اپنے نام کیں اور گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم پی ایس ایل میں اپنے کم ترین سکور 73 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

Comments are closed.