ملتان سلطان کی اسلام آباد یونائیٹڈپر6 وکٹوں سے فتح


دبئی(سپورٹس ڈیسک) پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے 16 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

اسلام آباد نے پہلے کھیلتے ہوئے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 122 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 4 وکٹوں پر پورا کرلیا۔

اسلام آباد کی جانب سے لیوک رونکی اور کیمرون ڈیلپورٹ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ڈیلپورٹ پہلے ہی اوور میں 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ڈیلپورٹ کے بعد آنے والے صاحبزادہ فرحان بھی 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

لیوک رونکی 32 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ حسین طلعت 8 رنز بنا سکے۔ سمت پٹیل 20 اور آصف علی 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد کے کپتان شاداب خان 4 جب کہ رومان رئیس بغیر کوئی رنز بنائے گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوئے جب کہ فہیم اشرف 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے ڈینئیل کرسٹن نے 3 جب کہ شاہد آفریدی، نعمان علی اور محمد الیاس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں ملتان سلطانز نے ہدف 4 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ عمر صدیق 46 اور شعیب ملک 23 رنز بناکر نمایاں رہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع انجری کے باعث میچ میں شرکت نہیں کر رہے ہیں ان کی جگہ نوجوان آل راؤنڈر شاداب خان ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

Comments are closed.