مقبوضہ کشمیر ، عیدپر بھی بھارتی فوج کی پرامن ریلیوں پر لاٹھی چارج شیلنگ

سری نگر(ویب ڈیسک)مقبوضہ کشمیر میں عید الفطر کی نماز کے بعد جذبہ آزادی سے سرشار کشمیری جوانوں نے سبز ہلالی پرچم لہرا دیئے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔

اس حوالے سے کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں نے عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی، نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔

ان اجتماعات میں کشمیر کی آزادی، پاکستان کے استحکام اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

سری نگر، اننت ناگ، کپواڑہ، بارہ مولا سمیت کئی دیگر علاقوں میں نماز عید کے بعد نہتے کشمیریوں نے پاکستانی پرچم بلند کیے اور جدوجہد آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔

اس دوران بھارتی فوج نے ریلیوں کا راستہ روکا اور شرکاء پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے متعدد پرامن کشمیری شہری زخمی ہو گئے۔

کشمیریوں کی پاکستان سے والہانہ محبت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہونے والی بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے نہتے کشمیریوں پر مزید پابندیاں عائد کردیں۔

جگہ جگہ چیکنگ کے نام عوام کی تذلیل کی جا تی رہی اور عید ملن اجتماعات کے انعقاد میں روڑے اٹکائے گئے۔

Comments are closed.