مسلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں امن ناممکن ہے،اسد قیصر

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور مسئلہ کشمیر کے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پائیدار حل تک بین الاقوامی سطح پر کشمیری عوام کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

اسپیکر قومی اسد قیصر سے آزاد کشمیر اسمبلی کے رکن عبدالرشید ترابی نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جماعت اسلامی کے رہنما آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے 5اگست 2019 کے اقدام نے بھارت کے نام نہاد جمہوریت پسند دعوے کو بے نقاب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 7 دہائیوں سے کشمیر برصغیر کے نقشے پر تقسم ہند کے نا مکمل ایجنڈا کے طور پر موجود ہے جس کو حل کیے بغیر جنوبی ایشیاء میں امن کا قیام نا ممکن ہے۔

اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم اور بربریت کا جو بازار گرم کر رکھا ہے دنیا بھر میں اس سفاکی کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ عالمی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے آبادتی نظام کو تبدیل کر کے کشمیری عوام کو ان کی اصل حق سے محروم کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آبادیاتی حق سے محروم کرنے کا فوری نوٹس لینا چائیے ۔

اسپیکرقومی اسمبلی نےکہا کہ موجود حکومت نے پارلیمانی اور سفارتی سطح پر کشمیر کے مقدمے کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔ قومی اسمبلی میں دوست ممالک کے ساتھ وائم پارلیمانی فرینڈشپ گروپس، پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر اور قائمہ کمیٹیاں برائے خارجہ امور اور انسانی حقوق کو مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہے، وہ وقت دور نہیں جب کشمیری عوام کو آزادی کی نعمت حاصل کرنے میں کامیاب ہونگے۔

ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی نے اسپیکر قومی اسمبلی کے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پارلیمانی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کے کشمیر سے گہری وابستگی کا خیر مقدم کرتی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام نے اپنی حق خودارادیت کی تحریک آزادی میں اپنی ہزاروں جانیں قربان کی ہیں، کشمیری عوام کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ بھارتی حکومت مودی کی فاشسٹ، سفاک اور بربریت کی نظریے پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے کشمیری عوام پر مظالم اور بربریت کے ہتھکنڈے کشمیری عوام کے غیر متزلزل جذبہ آزادی کی تحریک کو دبا نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی لمہ فکریہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر میں آزدی کا سورج طلوع ہو گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرتے ہوئے کشمیری عوام کو بھارت کے قبضے سے چھوڑانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

Comments are closed.