مریم نواز سے ملاقات،بلاول کے نواز شریف کے بیان پرتحفظات

فوٹو: ٹوئٹر

گلگت(زمینی حقائق ڈاٹ کام) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز انتخابی مہم کے دوران ملاقات ہوئی ہے ، ملاقات میں بلاول بھٹو نے نواز شریف کے بیان پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بیان کی وجہ سے مخالفین کو تنقید کا موقع ملا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنے اور پارٹی کی طرف سے کراچی واقعے پر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی جانب سے دیے جانے والے بیان پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات میں یہ موقف اپنایا کہ آرمی چیف سے تحقیقات کا مطالبہ ہمارا تھا اورجب انکوائری رپورٹ آگئی تو ہم نے خیر مقدم کیا اس پر نواز شریف کی طرف سے انکوائری کومسترد کرنا نہیں بنتا تھا۔

واضح رہے مزار قائد اور پولیس پر دباو کے حوالے سے جب بلاول بھٹو نے آرمی چیف سے انکوائری کا کہا تھا تب ہی مریم نواز نے کہا تھا کہ یہ انکوائری حکومت کو کرنی چایئے تھی کسی اور کو نہیں۔

ایسے میں جب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے آرمی چیف نے ٹیلی فون پر بات اور انکوائری کی یقین دہانی کرائی اور انکوائری بھی ہوگئی تو بلاول بھٹو نے خیر مقدم کیا تھا۔

گلگت میں پارٹی راہنماوں کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی بتاتے ہوئے ذرائع کا کہنا تھا کہ بات چیت میں گلگت بلتستان میں ہونے والے انتخابات اور پی ڈی ایم کی حکومت مخالف حکمت عملی پر غور و خوص کیا گیا۔

ملاقات میں پی ڈی ایم کے جلسے پر بھی گفت و شنید کی گئی اور دیگر متعلقہ امورپر بھی تبادلہ خیال کیا گیا بلاول بھٹو نے پہلے بھی میاں نواز شریف کی تقریر پر تحفظات کا اظہار سامنے آیا تھا انہوں نے برملا کہا تھا کہ میاں نواز شریف کی تقریر میں فوجی قیادت کا نام سن کر دھچکہ لگا تھا.

قبل ازیں مریم نواز نے شہید بے نظیر بھٹو کے صاحبزادے اورچیئرمین پی پی بلاول بھٹو کو چائے پر مدعو کیا تھا دونوں راہنماوں کے درمیان ون ٹو ون ملاقات گلگت میں ہوئی جو تقریباً 12 منٹ تک جاری رہی۔

ذرائع نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ دونوں راہنماوں نے دوران ملاقات باغ میں چہل قدمی کرتے ہوئے بھی بات چیت کی ذمہ دار ذرائع کے مطابق ملاقات میں بلاول بھٹو کے ہمراہ سینیٹر شیری رحمان اور مصطفیٰ نواز کھوکھر موجود تھے.

ذرائع نے بتایا ہے کہ نون لیگ کی مرکزی رہنما مریم نواز کو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، پرویز رشید، حفیظ الرحمان اور مریم اورنگزیب کی معاونت حاصل تھی ۔

ذرائع کے مطابق ہونے والی ملاقات میں دونوں پارٹی راہنما آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور گلگت بلتستان انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا اور اب تک کی مہم میں ایک دوسرے پر تنقید نہ کرنے کے عزم پر پورا اترنے پراطمینان کااظہار کیاگیا۔

Comments are closed.