لورا لائی، فورسز کی کاروائی، 4 دہشتگردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا

کوئٹہ(ویب ڈیسک )صوبہ بلوچستان کے ضلع لورالائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران لیویز اہلکاروں پر حملے کے ماسٹرمائنڈ سمیت 4 مبینہ دہشتگردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس عطا الرحمٰن کے مطابق خفیہ اطلاعات پر محکمہ انسدادِ دہشت گردی کے اہلکار، فرنٹیئر کور اور پولیس اہلکاروں نے مشترکہ طور پر لورالائی کے علاقے نصرآباد میں ایک کمپاوٴنڈ پر چھاپہ مارا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کمپاوٴنڈ میں موجود دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔

اس دوران ہی کمپاوٴنڈ میں موجود 4 دہشت گردوں نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

اے ایس پی نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران فرنٹیئر کور کا ایک اہلکار فائرنگ کے تبادلے میں زخمی بھی ہوا ہے جسے فوری طور پر قریبی ہسپتال پہنچایا گیا۔

سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق تحقیقات کے لیے کمپاوٴنڈ پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

Comments are closed.