قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان، بلال اور فہیم کی واپسی، شنواری ڈراپ، فواد برقرار

فوٹو : پی سی بی

لاہور(سپورٹس ڈیسک ) بنگلادیش کے خلاف پاکستان کی16 رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔ بلاول آصف اور فہیم اشرف کی ٹیم میں واپسی، فواد عالم بھی ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔

ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نےلاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا بہتر کمبی نیشن کیلئے تبدیلیاں کی گئی ہیں ، بیٹنگ سکواڈ میں ضرورت کے تحت تبدیلی کی جاتی ہے، سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ جیتنے پر ٹیم پر اعتماد ہے.

انھوں نے کہا کسی بھی ٹیم کے کھیل سے متعلق کوئی گارنٹی نہیں دی جاتی، ہر ٹیم کیخلاف پوری تیاری کے ساتھ کھیلنا ہوتا ہے، ٹیسٹ ٹیم میں تجربات نہیں کرنا چاہتے، ٹیسٹ کرکٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کرنے سےکترا نہیں رہے۔

سری لنکا کے خلاف قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کاشف بھٹی اور عثمان شنواری کو بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ڈراپ کر دیا گیاہے ۔

قومی ٹیسٹ ٹیم  میں اظہر علی (کپتان)، عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، بلال آصف، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان سینئر، محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شاہ مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

کاشف بھٹی سری لنکا کے خلاف سیریز میں بھی کوئی میچ نہیں کھیل سکے تھے جبکہ عثمان شنواری نے راولپنڈی ٹیسٹ میں 43 رنز کے عوض 6 وکٹ حاصل کی تھیں۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کاشف بھٹی اور عثمان شنواری کو اسکواڈ سے ڈراپ ہونے پر یقیناً کھلاڑی مایوس ہوں گے مگر یقین دلاتے ہیں کہ کاشف بھٹی اور عثمان شنواری طویل طرز کی کرکٹ میں ہماری مستقبل کے حوالے سے حکمت عملی کا مکمل حصہ ہیں۔

انھوں نے کہا بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ٹاپ اور مڈل آرڈر میں بائیں ہاتھ کے بلے بازوں کی کثیر تعداد ہونے کے باعث کاشف بھٹی کی جگہ دائیں ہاتھ کے آف اسپنر بلال آصف کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ فہیم اشرف کو آل راؤنڈر صلاحیت کی بنیاد پر عثمان شنواری پر ترجیح دی گئی۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کراچی میں فتح کے بعد وہ اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیوں کے حق میں نہیں تھے مگر وکٹ کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی تیاری مکمل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مصباح الحق نے کہا سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی سے پاکستان نے 2019 کا فاتحانہ اختتام کیا جبکہ 2020 کی پہلی سیریز میں بھی پاکستان نے بنگلہ دیش کو ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست دی.

امید ہیں کہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم، بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آغاز بھی فتح سے ہوگا،آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنا ہدف ہے، خواہش ہے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی 2 بہترین ٹیموں میں شامل ہو۔

یاد رہے کہ فواد عالم کو اس سے قبل ایک دہائی بعد سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ کا بھی حصہ بنایا گیا تھا تاہم وہ پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں بن سکے تھے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

Comments are closed.