قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کےلیے پہلے انتخابات آج ہوں گے

فوٹو: فائل

اسلام آباد (زیڈ ایچ مشوانی) صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم شدہ قبائلی اضلاع میں آج پہلی بارصوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ ہوگی۔

انتہائی حساس قرار دیے گے 554 پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر فوج تعینات ہوگی،صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ قبائلی اضلاع میں نیٹ ورک کا مسئلہ ہے، نتائج واٹس ایپ پر فراہم کیے جائیں گے۔

قبائلی اضلاع کی عام نشستوں پر 282 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ خواتین کی 22، اقلیتوں کی 6 مخصوص نشستیں ہیں۔ پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک ہوگی۔

16 حلقوں میں انتخابات کیلئے 1897 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں  جن میں سے 554 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔

ایک ہزار 39 مخلوط پولنگ اسٹیشن ہیں جبکہ صرف مردوں کیلئے 482 اور خواتین کیلئے مختص 376 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں ۔

تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ الیکشن کیلئے  28 لاکھ 91 ہزار بیلٹ پیپرز پرنٹ کرائے گئے ہیں۔

شکایات اور نتائج موصول کرنے کیلئے  الیکشن کمیشن میں سیل قائم کر دیا گیا ہے، جو 20 اور 21 جولائی کو 24 گھنٹے کام کرے گا۔ شکایات 0519210809 اور 0519210810 پر کی جا سکیں گی۔

ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج کا اعلان پرانے سسٹم کے ذریعے کیا جائے گا۔ پریزائیڈنگ افسر فارم 45 پولنگ ایجنٹس کے حوالے کرے گا اور ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچائے گا، جہاں سے نتائج الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسال کر دیے جائیں گے۔

ضلع باجوڑ میں صوبائی اسمبلی کی تین، ضلع مہمند میں 2، ضلع خیبر میں تین، ضلع کرم میں 2 اور ضلع اورکزئی میں ایک صوبائی نشست کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔

ضلع شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی دو دو نشستوں کیلئے پولنگ ہوگی۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ سابق فرنٹیر ریجن میں ایک صوبائی نشست رکھی گئی ہے۔ پی کے 115 کے علاقوں میں جانی خیل، بٹہ خیل، جنگل خیل، تحصیل لالچی، تحصیل گمبٹ اور تحصیل درہ آدم خیل شامل ہیں۔

قباہلی اضلاع میں انتخابات کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گے ہیں۔

Comments are closed.