غیر ملکی لیجنڈ پاکستانی لباس میں

اسلام آباد(کلثوم جہاں )پاکستان سپر لیگ تھری میں اعصاب شکن مقابلے جاری ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید دلچسپ میچز دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں کئی ریکارڈز پاش پاش ہونے کے بعد کئی نئے ستارے بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہے ہیں۔

ایسے میں پی ایس ایل میں ملکی و غیر ملکی براڈ کاسٹرز بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ جمعے کو ایونٹ میں شریک تمام ملکی و غیر ملکی براڈ کاسٹرز پاکستانی لباس شلوار قمیض میں ملبوس نظر آئے اور عوام اور میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

میچز کے دوران کمنٹری کے فرائض انجام دینے والےڈینی موریسن، ڈیمن فلیمنگ، ایلن ولکنز، بازید خان، رمیز راجہ، مائیکل سلاٹر اور زینب عباس نے قومی ملبوسات زیب تن کیا اور متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں ہونے والے پی ایس ایل کے رنگ ہر سو بکھیرے۔

اس حوالے سےکمنٹیٹرز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

پاکستان کی معروف اسپورٹس جرنلسٹ اور پی ایس ایل کی پریزنٹر زینب عباس نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’آج جمعہ کا دن ہے ہم نے آج کے دن روایتی لباس زیب تن کرنے کا مشترکہ فیصلہ کیا۔‘‘

سابق کپتان اور کمنٹیٹر رمیز راجہ نے لکھا کہ’’ آج کا دن روایتی اور خوشیوں سے بھرا دن ہے۔‘‘

ایلن ولکنز نے لکھا کہ’’دبئی میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ 2018 کے میچز میں رپورٹنگ کے فرائض انجام دے رہا ہوں۔‘‘

ملتان سلطانز کے کوچ اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے لکھا کہ ’’ماشاء اللہ! ویلڈن پی ایس ایل کمنٹری ٹیم‘‘

کرکٹ جرنلسٹ مظہر مجید نے لکھا کہ ’’ایلن ولکنز اور مائیکل سلاٹر چوہدریوں کی طرح برینڈن میک کولم کو پنجاب کی ثقافت کے بارے میں بتا رہے ہیں۔‘‘

پاکستان سپر لیگ کے آفیشل پیچ نے لکھا کہ’’ ان سب کو دیکھ کر جمعےکا دن لگ رہا ہے۔‘‘

ٹوئٹر پر شوبز اور نیوز نے لکھا کہ ’’ان لوگوں کوپی ایس ایل میں پاکستانی ملبوسات کرنے پر ڈبل ٹیپ‘‘

ٹی وی اینکر ذوہیب حسن نے لکھا کہ’’ فیسٹیو فرائیڈے‘‘

خیال رہے اس سے قبل پاکستان سپر لیگ افتتاحی ایڈیشن کے فیصلہ کن معرکے میں پی ایس ایل کے آخری دن کو یادگار بنانے کیلئے غیر ملکی کامنٹیٹرز رمیز راجہ، ای ین بشپ، ڈینی موریسن، مائیکل سلاٹر، ایلن ولکنز، بازید خان، ڈرین گنگا، ڈیمن فلیمنگ قومی لباس شلوار قمیص پہنے نظر آئےتھے اور پاکستان سپر لیگ کے آفیشل ٹوئٹر پیچ میں لکھا تھا کہ ’’عید کا جوڑا! کامنٹری ٹیم اس جوڑے میں بہت خوبصورت لگ رہے ہیں اور اسپائیڈر کیمرے کے سامنے موجود ہیں۔‘‘ (بشکریہ جیو نیوز)

Comments are closed.