عمران خان کو اگلا حکمران جیل بھیجے گا، آصف زرداری

اسلام آباد (ویب ڈیسک )پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی ناتجربہ کار حکومت نہیں چل سکے گی جبکہ عمران خان کو اگلا حکمران جیل بھیجے گا۔

ٹنڈوالہیار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ ناسمجھ وزیراعظم سے ملک نہیں سنبھالا جارہا، الیکشن میں لائی گئی کٹھ پتلیوں سے کام نہیں چلنا، یہ حکومت ملک نہیں سنبھال سکتی اور حالات بہت سنگین ہیں، تاہم بدترین جمہوریت بہترین آمریت سے بہتر ہوتی ہے۔

انھوں نے کہا اسی لیے پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں تاکہ کسی اور قوت کو نظام لپیٹنے کا موقع نہ ملے اور ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، تاہم پی ٹی آئی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ کسی طرح نظام کو توڑ دیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ یہ ناتجربہ کار حکومت ہے جسے سیاسی سمجھ بوجھ نہیں، ون یونٹ کے خلاف ہم نے جدوجہد کی تھی اور موقع ملا تو آئین میں ترمیم کی، اب یہ حکومت اٹھارویں ترمیم سے متعلق کچھ شقوں کا بہانہ بناکر آئین کو منسوخ کرنا چاہتی ہے، ہم حکومت کی اس کوشش کی بھرپور مخالفت کریں گے، تاہم موجودہ حکومت نہیں چل سکے گی اور اگر اسے خطرہ ہوا تو اسے ہم نہیں بلکہ وہی طاقتیں سپورٹ کریں گی جو لے کر آئی ہیں۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان انتقامی کارروائیاں کررہے ہیں اور کہتے ہیں ساری اپوزیشن کو جیل میں ڈالوں گا، ہم میں جیل جانے کی صبر و برداشت ہے لیکن کیا عمران خان خود جیل جانا برداشت کرسکتے ہیں، جیسی کرنی ویسی بھرنی۔

آصف زرداری نے کہا نواز شریف نے احتساب عدالتیں اور قانون میرے لیے بنائے تھے لیکن خود ان کے گلے پڑگئے اور آج وہ کٹہرے میں کھڑے ہیں، عمران خان آج اپوزیشن کو جیل بھیجیں گے لیکن آنے والا انہیں بھی ضرور جیل بھیجے گا۔

Comments are closed.