سنسنی خیز مقابلے کےبعد ملتان سلطانز کو شکست

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان  سلطانز کے 153 رنز کے تعاقب میں ایک موقع پر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ کوئٹہ میچ سے باہر ہوگیا تاہم اس موقع پر پہلے انور علی اور پھر حسان خان کی شاندار بیٹنگ نے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

عمر گل کے 4 اوورز میں 24 رنز کے عوض 6 وکٹیں بھی کوئٹہ کو فتح سے دور نہ رکھ سکیں۔

کوئٹہ کی پہلی وکٹ شین واٹسن کی صورت میں گری جو پی ایس ایل تھری کا پہلا میچ کھیل رہے عمر گل کی گیند پر سیف بدر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

عمر گل نے پی ایس ایل میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے اسد شفیق کو بھی پویلین روانہ کیا۔

کیون پیٹرسن بھی کریز پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور شعیب ملک کی گیند پر برا شاٹ مارکر آؤٹ ہوگئے۔ تاہم ری پلیز میں دکھایا گیا کہ شعیب ملک نے نو بال کروائی تھی تاہم امپائر اسے دیکھنے سے قاصر رہے۔ پی ایس ایل تھری میں امپائرز کی جانب سے یہ پہلا غلط فیصلہ نہ تھا۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز رمیز راجہ تھے جو عمران طاہر کی فلیپر کو نہ سمجھ سکے اور کلین بولڈ ہوگئے۔ لیگ اسپنر اب تک ٹورنامنٹ میں 11 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

سرفراز احمد اور ریلی روسو کے آؤٹ ہونے کے بعد ایسا محسوس ہورہا تھا کہ ملتان نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی تاہم اس موقع پر انور علی کی جانب سے جارحانہ بلے بازی نے میچ ایک مرتبہ پھر کوئٹہ کے پلڑے میں ڈال دیا۔

عمر گل نے اپنے اختتامی اوور میں انور علی اور محمد نواز دونوں کو آؤٹ کرکے میچ ایک مرتبہ پھر دلچسپ بنادیا تاہم کیرون پولارڈ کے آخری اوور میں انڈر19 کپتان حسان خان نے چھکا لگاکر اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنادی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عمر گل نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عمران طاہر اور شعیب ملک نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل کپتان شعیب ملک کی شاندار نصف سنچری کی بدولت  ملتان سلطانز نے اپنے مقررہ 20 اوورز میں 152 رنز اسکور کیے۔

محمد نواز نے میچ کے پہلے ہی اوور میں ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر کمار سنگاکارا کو آؤٹ کردیا۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز احمد شہزاد تھے جو انور علی کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔

سہیل تنویر کی وکٹ شین واٹسن نے لی جو اس سے قبل سلپ پر ان کا کیچ چھوڑ چکے تھے۔ وکٹ لینے کے بعد انہوں نے پرجوش انداز میں خوشی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر شعیب ملک اور صہیب مقصود کے درمیان 40 رنز کی شراکت نے ملتان کی اننگز کو سہارا دیا تاہم 33 گیندوں پر 27 رنز بناکر صہیب آؤٹ ہوگئے۔

تاہم دوسرے اینڈ سے شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور پہلے روس وائیٹلی اور پھر کیرون پولارڈ کے ساتھ مل کر ملتان کو قابل دفاع ہدف تک پہنچانے میں کامیاب رہے تاہم بہترین مقابلے کے بعد میچ کوئٹہ کے نام رہا۔

شعیب ملک نے 3چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنائے جبکہ پولارڈ نے 6 گیندوں پر 16 رنز بنائے۔

کوئٹہ کی جانب سے محمد نواز، انور علی، راحت علی، بین لافلن اور شین واٹسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اپنے چار اوورز میں 24 رنز کے عوض 6 وکٹیں لینے پر عمر گل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آج لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔

Comments are closed.