سندھ کے بعدپنجاب میں بھی 14دن کیلئے لاک ڈاون


فوٹو: فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) سندھ کے بعد پنجاب میں بھی لاک ڈاون کرنے کااعلان کردیا گیا ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب میں 14دن کیلئے لاکھ ڈاون کا اعلان کیاہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بتاتے ہوئے کہا کہ اب تک 246 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی مہم میں میری اپیل پر جس طرح عوام نے تعاون کیا اس پر صوبے کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔


انہوں نے کہا کہ عوام کو کورونا وائرس سے بچانے اور حفاظتی اقدامات کے پیش نظر 21 مارچ کو پنجاب میں 2 روز کے لیے شاپنگ مالز، مارکیٹ اور بازار بند کیے گئے تھے، جس کی مدت کل صبح 9 بجے مکمل ہوجائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ پنجاب کی پوری سول انتظامیہ اور پاک فوج عوام کی خدمت اور حفاظت کیلئے سرگرم عمل ہے اور اس کڑے وقت میں اپنی ذمہ داریاں نبھانے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آج کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا اور صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے چند اہم فیصلے کیے گئے۔

عثمان بزدار نے کہ 24 مارچ کی صبح 9 بجے سے 6 اپریل صبح 9 بجے تک 14 روز کے لیے صوبے کے بازار، شاپنگ مالز، نجی و سرکاری ادارے، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس، پارکس، سیاحتی مقامات بند رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے عوام کے وسیع مفاد میں فیصلہ کیا ہے کہ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی جائے گی، تاہم فیملی اس سے مستثنیٰ ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ طبی آلات اور ضروری سامان فراہم کرنے والی فیکٹریاں بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی، اس کے علاوہ ضروری سروس فراہم کرنے والے ادارے کھلے رہیں گے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کریانہ اسٹورز، سبزی و پھل منڈیاں اور بیکریاں کھلی رہیں گی، اس کے ساتھ ساتھ ادویات، اشیائے خور و نوش بنانے اور فراہم کرنے والی فیکٹریاں کھلی رہیں گی۔

Comments are closed.