سمندر پار پاکستانیوں نے صرف7ہزار410ووٹ رجسٹرڈ کرائے

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سمندر پار پاکستانی آئی ووٹنگ کے ذریعے ووٹ ڈالیں گے۔

سمندرپار پاکستانیوں کی آئی ووٹنگ کے لیے عدم دلچسپی کے باعث 74 ممالک میں مقیم صرف 7 ہزار 410 افراد نے خود کو بطور ووٹر رجسٹرڈ کرایا ہے۔

14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلیوں کے 25 حلقوں میں ووٹنگ ہوگی جب کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی ووٹ ڈالیں گے۔

الیکشن کمیشن سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کا عمل 17 ستمبر کو مکمل کر چکا ہے۔آئی ووٹر کی رجسٹریشن کی تفصیلات کے مطابق 74 ممالک میں مقیم 7410 پاکستانیوں نے خود کو بطور ووٹر رجسٹرڈ کرایا اور 23 حلقوں میں فی حلقہ 100 سے کم ووٹرز نے رجسٹریشن کرائی۔

سب سے زیادہ 1993 پاکستانیوں نے متحدہ عرب امارات سے خود کو رجسٹر کرایا جب کہ سعودی عرب سے 1679، برطانیہ سے 957، کینیڈا سے 408 اور امریکا سے 390 پاکستانیوں نے خود کو رجسٹرڈ کرایا۔

قطر میں 295، آسٹریلیا میں 257، کویت میں 166، بحرین میں 164، اومان میں 144، اٹلی میں 130، اسپین میں 89 اور جرمنی میں
66 پاکستانیوں نے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جا کر خود کو بطور ووٹر رجسٹرڈ کرایا۔

ملائشیاء سے 50، فرانس میں 49، آئرلینڈ میں 47، سویڈن میں 38، نیوزی لینڈ میں 19، چین اور جاپان میں 18،18، ہالینڈ میں 17، سنگاپور، بیلجئم، سوئزرلینڈ میں 16،16 جب کہ ترکی میں 11 ووٹرز رجسٹر ہوسکے۔

ضمنی انتخاب میں ووٹ ڈالنے کے اعتبار سے دیکھا جائے تو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 243 کراچی کے لیے سب سے زیادہ 1353 ووٹرز نے رجسٹریشن کرائی۔
اسی طرح این اے 131 لاہور کے لیے 1126 اور این اے 69 گجرات کے لئے 698 ووٹرز رجسٹر ہوئے۔دستاویزات کے مطابق این اے 53 اسلام آباد کے لئے 641، این اے 60 راولپنڈی کے لئے 567 ووٹرز رجسٹر ہوئے

این اے 124 لاہور کے لئے 510، این اے 63 راولپنڈی کے لئے 321 ووٹرز رجسٹر ہوئے ہیں۔

Comments are closed.