سعودی صحافی کا قتل، امریکی انٹیلی جنس رپورٹ پر پاکستان کا موقف


فوٹو: فائل


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)ترکی میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق امریکی انٹیلی جنس رپورٹ پر پاکستان کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔

اس حوالے سے دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث کرداروں کو سزا دلوانے کے لیے اقدامات اٹھائے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری بیان میں واضح کیا گیاہے کہ جمال خاشقجی کے قتل کے واقعہ کے بعد سعودی حکومت نے اس معاملے میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے۔

بیان میں کہاہے کہ پاکستان صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی سعودی عرب کی کاوشوں کو تسلیم کرتا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان قانون کی پاسداری اور قومی سالمیت و بقا کا احترام کرتا ہے، پاکستان تمام اقوام عالم کی جانب سے انسانی حقوق کی پاسداری کو فروغ دینے کا حامی ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے دو روز قبل سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق انٹیلی جنس رپورٹ جاری کی تھی جس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا ۔

دوسری طرف سعودی عرب نے امریکی رپورٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹ اور غلط بیانی پر مبنی قرار دیا تھا اور واضح کیا تھا کہ اس معاملے سے سعودی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

Comments are closed.