سانحہ اے پی ایس تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، غم آج بھی تازہ ہے

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اے پی ایس کے اندوہناک اور دلخراش سانحہ کے غم آج بھی تازہ ہیں.

سانحہ اے پی ایس پشاور کے حوالے سے اپنے پیغام میں شاہ محمود قریشی نے کہااس دن کو ملکی تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اے پی ایس کے معصوم پھولوں کی لازوال قربانی نے پوری قوم کو یکجا کیا، پوری قوم ان معصوم بچوں سمیت شہدائے اے پی ایس کو سلام پیش کرتی ہے.

قوم دہشتگردی کیخلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے، انشااللہ معصوموں کی قربانیاں رنگ لائیں گی، دہشتگردی کی اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔

اے پی ایس پشاور کےسانحہ 16 دسمبرکے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی چھٹی برسی پہ شہید بچوں اور اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔


اسپیکر اسد قیصر نے کہاکہ 16 دسمبر کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔ وہ سانحہ آج بھی ہمیں ان ننھے پھول جیسے بچوں کی یاد دلاتا ہے۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہدا کو سلام پیش کرتا ہوں، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہوگئی مسلح افواج نے پوری قوم کی مدد سے دہشتگردی کا قلع قمع کیا آج ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہو چکا ہے۔

انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم سانحہ آرمی پبلک اسکول میں شہید ہونے والے بچوں کے خون کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دینگے۔

Comments are closed.