راولپنڈی، طیارہ آبادی پر گر گیا، 17افرادجاں بحق، 12زخمی


راولپنڈی(ویب ڈیسک) پاکستان آرمی ایوی ایشن کا طیارہ موہڑہ کالو میں گر کر تباہ ہونے سے 2 پائلٹ اور عملے کے 3 ارکان سمیت 17افراد جاں بحق ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق طیارہ گرنے کا حادثہ رات گئے پیش آیا جس میں 12 افراد زخمی بھی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

طیارہ رہائشی علاقے کے قریب گرا جس سے قریبی گھروں میں آگ لگ گئی، حادثے کی اطلاع پر ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور ملبے تلے افراد کو نکالا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا، حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جارہا ہے۔ حادثے میں 12 شہری جاں بحق ہوئے اور 12 افراد زخمی بھی ہوئے۔

حادثے کے شہداء کو ہولی فیملی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ 4 افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

شہداء میں لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ ثاقب اور لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ وسیم شامل ہیں، ان کے علاوہ نائب صوبیدارافضل، حوالدارامین اور حوالدار رحمت بھی شہداء میں شامل ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر راولپنڈی عبدالرحمٰن کے مطابق ملبے تلے دبے تمام افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ حادثے کے بعد راولپنڈی کے تینوں بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔

ادھر جیو نیوز نےعینی شاہدین کے حوالے سے بتایا  ہےکہ رات تقریباً 2 بجے کا وقت تھا کہ جہاز کی بالکل مختلف آواز سنی، نیچے آکر دیکھا تو جہاز گرنے کے بعد شعلے بلند ہو رہے تھے جس کی امدادی اداروں کو اطلاع دی گہی۔

Comments are closed.