دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) دنیابھر میں بسنے والے پاکستانی آج یوم یکجہتی کشمیر اس عہد کی تجدید کیساتھ منا رہے ہیں کہ آزادی کی جدوجہد میں ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

پاکستان کی عسکری قیادت نے بھی بھارت کو خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں اور کشمیروں کے حق خود ارادیت کا احترام کیا جائے۔

بھارتی مظالم کے حوالے سے سال 2018ء بد ترین رہا، 425 بے گناہ کشمیری شہید ہوئے جبکہ پیلٹ گن کے استعمال سے بھی ہزاروں شہری بینائی سے محروم ہو چکے ہیں جن میں معصوم بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے۔

سرینگر، شوپیاں، کلگام، پلوامہ اور بارہ مولا سمیت ریاست بھر میں گھر گھر تلاشی اور محاصروں کے دوران انسانیت سوز مظالم کا سلسلہ جاری رہا۔ سال کا شاید ہی کوئی ایسا دن گزرا جب بھارتی فوج نے سرحد کے دونوں جانب رہنے والے کشمیریوں کے خون سے اپنی پیاس نہ بجھائی ہو۔

جنوری کے مہینے میں بھارتی فوج نے فائرنگ اور تشدد کر کے 25 افراد کو شہید کر دیا۔ فروری کے مہینے میں 16 جبکہ مارچ میں 35 نہتے کشمیریوں کو موت کی نیند سلا دیا گیا۔

Comments are closed.