خیبر پخونخوا نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا

راولپنڈی( زمینی حقائق ڈاٹ کام) خیبر پختونخوا نے سدرن پنجاب کو 10رنز سے ہرا کر نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا، شعیب ملک کو برق رفتار نصف سنچری کرنے پر میں آف دی میچ قرارد یا گیا۔

ٹاس سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے جیت کر خیبر پختونخوا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی ،کے پی کی طرف سے کپتان رضوان اور فخر زمان کے درمیان پہلی وکٹ پرنو اعشاریہ تین اوورز میں 76رنز کی اوپننگ شراکت ہوئی ، رضوان25رنز بنا کر ڈائریکٹ تھرو پر رن آوٹ ہوئے۔

دوسرے اینڈ پر فخر نے نے دھواں دھار بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے 67رنز کی اننگ کھیلی وہ خرم منظور سے ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے کی دوڑ میں آگے نکل گئے،وہ عامر یامین کے ہاتھوں آوٹ ہوئے۔

تیسرے آوٹ ہونے والے افتخار احمد تھے جو ایک رن بنا کر زاہد محمود کا شکار بنے تب تک کے پی کی ٹیم نے14اعشاریہ4اوورز میں 126رنز بنائے تھے اور بڑا ہداف ناممکن نظر آرہا تھاپھر حفیظ اور شعیب ملک پر مشتمل سینئرز کی جوڑ ی نے بالرز کی پٹائی شروع کی۔

محمد حفیظ 38رنز پر آوٹ ہوگئے جب کہ شعیب ملک نے22بالز پر4چھکوں اور تین چوکوں کی مددسے ناقابل شکست56رنزبنائے۔پختونخوا کے بلے بازوں نے آخری 4اوورز میں73رنز بنا کر مجموعی سکورچار وکٹوں پر 206تک پہنچا دیا۔

سدرن کی طرف سے زاہد، عمران اور عامر یامین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جب کہ رضوان رن آوٹ ہوئے تھے،جواب میں سدرن پنجاب مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 196رنز بنا سکی۔

حسین طلعت 63، محمد عمران 38، خوشدل خان34رنز بنا کرنمایاں رہے ، ہمیشہ کی طرح صہیب مقصوداہم میچ میں صفر پر آوٹ ہوئے، ۔

کے پی کی طرف سے شاہین شاہ نے 36رنز دے کر3کھلاڑی آوٹ کئے، وہاب ریاض نے بھی اتنے ہی رنز دے کر اتنے ہی کھلاڑی پویلین واپس بھیجے،شعیب ملک کو مین آف دی میچ قراردیا گیا،فخر زمان مین آف دی ٹورنامنٹ رہے۔


ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین فخر زمان ، بہترین بالر شاہین شاہ آفریدی ، بہترین وکیٹ کیپر محمد رضوان قرار پائے اور ایک ایک لاکھ روپے نقد انعام کے حق دارٹھہرے جب کہ بہترین فیلڈنگ ٹیم بھی خیبر پختواکی ہی رہی۔

Comments are closed.