خیبر پختواہ اور سدرن پنجاب نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں

راولپنڈی: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں سدرن پنجاب نے دفاعی چیمپئن نادرن کو شکست دی جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں خیبر پختونخواہ نے سندھ کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے میں8وکٹوں سے ہرا کر فائنل کھیلنے کااعزاز حاصل کرلیا۔

راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں سدرن پنجاب نے دفاعی چیمپئن ناردرن پنجاب کو باآسانی شکست دے دی، سدرن پنجاب نے ناردرن کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔

نادرن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سدرن پنجاب کو 161 رنز کا آسان ہدف دیا تھا جو سدرن پنجاب نے 19ویں اوور میں پورا کر دیا۔ سدرن پنجاب کی جانب سے کپتان شان مسعود نے 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور زیشان اشرف نے 32 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس سے قبل نادرن کی جانب سے علی عمران 50 اور شاداب خان نے 48 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے تھے جب کہ سدرن پنجاب کی جانب سے زاہد محمود نے 3 اور محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں خیبر پختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سندھ کی مضبوط بیٹنگ لائن میچ کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی۔

خیبر پختونخوا کی عمدہ باؤلنگ کے سامنے شرجیل خان صفر، اسد شفیق ایک، اعظم خان صفر، سہیل خان 9، سرفراز احمد 4، انور علی 3، محمد حسنین ایک اور غلام مدثر ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سندھ کے صرف دو کھلاڑی ہی دوہرے ہندسے میں داخل ہوسکے، خرم منظور نے 74 اور دانش عزیز کے 39 رنز نے ٹیم کو قابل دفاع مجموعے تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا تاہم بیٹسمینوں کے بعد سندھ کے باولر ز بھی ہمت ہار بیٹھے۔

سندھ کی پوری ٹیم اننگز کے آخری اوور میں 142 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی،خیبر پختونخوا کے عمران خان اور عثمان شنواری نے 2، 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی، وہاب ریاض اور آصف آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں محمد رضوان اور فخر زمان نے کریز سنبھالتے ہی جارحانہ انداز اپنایا ،دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 113 رنز کی شراکت نے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

محمد رضوان نے 11 چوکوں کی مدد سے 50 گیندوں پر 67 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ فخر زمان 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 29 گیندوں پر 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اوپنرز کے پویلین واپس لوٹنے پر محمد حفیظ اور شعیب ملک نے کریز سنبھالی اور مزید نقصان کے بغیر ٹیم کو فائنل میں رسائی دلادی،محمد حفیظ 12 اور شعیب ملک 6 بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

خیبر پختونخوا نے مطلوبہ ہدف 15ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ شاندار کارکردگی پر محمد رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ایونٹ کا فائنل سدرن پنجاب اور خیبر پختونخوا کے درمیان اتوار کی شام ساڑھے 7 بجے کھیلا جائے گا۔

Comments are closed.