حسن علی 5ماہ بعد کرکٹ میں واپسی کے بعد پھر ان فٹ

فوٹو:اے ایف پی فائل


کراچی: فاسٹ باؤلر حسن علی پانچ ماہ کے وقفہ کے بعد کرکٹ میں واپس آتے ہی قائد اعظم ٹرافی میں محض 38.5 اوورز کرانے کے بعد دوبارہ انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔

سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے حسن علی گروئن انجری کا شکار ہو کر قائد اعظم ٹرافی کے تیسرے راؤنڈ سے باہر ہو گئے ہیں، حسن علی پانچ ماہ کے بحالی کے پروگرام کے بعد میدان میں اترے تھے۔

اب فاسٹ باؤلر کراچی میں فزیو تھراپسٹ کی نگرانی میں موجود ہیں اور ان کی فٹنس کے حوالے سے مزید کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل ایک ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

حسن علی کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور چند دن بعد دوبارہ ایم آر آئی اسکین کیا جائے گا تاکہ ان کی انجری کی سنگینی کے حوالے سے صورتحال واضح ہو سکے۔

حسن علی نے کئی ماہ لاہور کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ کے بعد خود کو مسابقتی کرکٹ میں شرکت کے لیے تیار کیا تھا اور چند دن قبل ہی قائد اعظم ٹرافی کے رواں سیزن میں اپنا پہلا میچ کھیلا۔

سندھ کے خلاف نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فرسٹ راؤنڈ کے میچ میں انہوں نے 32.3 اوورز میں 106رنز دے کر 3 وکٹیں لی تھیں البتہ ناردرن پنجاب کے خلاف دوسرے راؤنڈ میں وہ میچ کے پہلے دن صرف 6.2 اوورز کرا سکے اور درد سے کراہتے ہوئے میچ سے باہر چلے گئے۔

چیمپیئنز ٹرافی 2017 کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے حسن علی کے کیریئر کو گزشتہ سال اس وقت بڑا دھچکا لگا تھا جب وہ قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے اور 7 ہفتوں تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بحالی کے عمل سے گزرے تھے۔

انہیں ایونٹ کے فائنل راؤنڈ کے لیے فٹ قرار دیا گیا لیکن وہ نئی انجری کا شکار ہو گئے اور نومبر 2019 میں ان کی پسلیوں میں 6 فریکچرز کا انکشاف ہوا جس سے وہ مزید 6 ہفتوں کے لیے میدانوں سے دور ہو گئے۔

اس دوران وہ مستقل بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی سے محروم رہے اور نتیجتاً سینٹرل کنٹریک سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے کیونکہ انہوں نے آخری مرتبہ ورلڈ کپ 2019 میں بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

حسن علی کراچی میں رہیں گے اور 14 نومبر سے شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے پلے آف میچز میں ممکنہ طور پر پشاور زلمی کے اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

سابق آل راونڈر اظہر علی پہلے ہی ان کے بارے میں کہہ چکے ہیں کہ حسن علی کی پہلی انجری کرکٹ کھیلنے سے نہیں ہوئی تھی بلکہ وہ جم میں جانے کی وجہ سے ان فٹ ہو گئے تھے۔

Comments are closed.