جسٹس فائز ہمیں کمنٹری سننے پر مجبور نہ کریں، جسٹس عمرعطا


اسلام آباد( ویب ڈیسک)سپریم کورٹ میں جسٹس قاضی فائز عیسی نظر ثانی کیس کی براہ راست کوریج کی درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس فائز عیسیٰ اور ان کی اہلیہ درخواست پر بولنے کی بجائے حکومت کے خلاف بولتے رہے، جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک کو گٹر میں لیکر جارہی ہے۔

ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسی نظر ثانی کیس کی براہ راست کوریج کی درخواست پر سماعت کی۔ وفاقی حکومت کے وکیل ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے ٹرائل کی براہ راست کوریج کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ براہ راست کوریج سے عدالتی وقار میں کمی آئے گی۔

ان کا موقف تھا کہہ عدالتی کارروائی تکنیکی نوعیت کی ہوتی ہے جو عام آدمی سمجھ نہیں سکتا، کورٹ رپورٹرز آسان زبان میں کارروائی عوام تک پہنچاتے ہیں، ججز کے کنڈکٹ پر پارلیمنٹ میں بھی بحث نہیں ہو سکتی، براہ راست کوریج سے ججز کے کنڈکٹ پر عوامی سطح پر بحث ہوگی ۔

جس سے ججز عوامی سطح پر مقبول اور شناخت ہوسکیں گے، جس سے خدشہ ہے فیصلے قانونی نہیں مقبولیت پر مبنی ہوں گے، ججز ٹی وی پر نہیں اپنے فیصلوں کے ذریعے بولتے ہیں۔جسٹس فائز عیسی کی اہلیہ سرینا عیسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پہلے کبھی تصویر نہیں بنی تھی۔

اب عدالت آتے جاتے میری ویڈیوز بنائی جاتی ہیں، عمران خان اور وزیر قانون نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، جسٹس فائز عیسی کو راستے سے ہٹانے کے لیے غیر قانونی اقدامات کیے، فروغ نسیم نے سیاسی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے عہدے کا نا جائز استعمال کیا۔

میرے ساتھ حکومتی عہدیداروں کا رویہ تضحیک آمیز ہے، اپنی رقم سے خریدی جائیداد راتوں رات میرے شوہر کی بنادی گئی، عمران خان سے زیادہ ٹیکس ادا کرتی ہوں، عمران خان میں شکست تسلیم کرنے کا حوصلہ نہیں۔اس دوران جسٹس عمر عطابندیال نے انہیں ٹوکا اور بتایا کہ اس وقت سماعت کی براہ راست نشریات کی درخواست پر سماعت ہورہی ہے۔

سرینا عیسی نے ایک بار پھر عدالتی ریمارکس نظر انداز کرتے ہوئے درخواست پر بات کرنے کی بجائے کہا کہ جون 2020 تک کے میرے ٹیکس ریکارڈ تک رسائی حاصل کی گئی، شہزاد اکبر نے نوکری شروع کی تو انکی تنخواہ 35 ہزار تھی، وہ آج امیر آدمی ہیں لیکن کبھی اثاثے ظاہر نہیں کیے، ان کے حوالے سے ہر سچ پر پردہ ڈالا جا رہا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسی خود عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ جسٹس منظور ملک نے میری رہنمائی کی ہے، ان کی ہدایت پر کوشش ہے جذباتی نہ ہوں، عدلیہ کے خلاف ففتھ جنریشن وار شروع کی گئی لیکن ملک دشمنوں کے خلاف ففتھ جنریشن وار نہیں ہورہی، سوشل میڈیا بریگیڈ منہ چھپا کر حملے کررہی ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسی نے پہلے کہا جذباتی نہیں ہوں گا پھر کہا کہ موجودہ حکومت ملک کو گٹر میں لیکر جارہی ہے، میرے خلاف صحافی وحید ڈوگر کی شناخت کیا ہے؟ کوئی نہیں بتاتا، پاکستان میں اس وقت ڈوگر جیسے ٹاؤٹ بھرے پڑے ہیں، آٹھ ہزار روپے پر نیب کا ملازم شہزاد اکبر عدلیہ کو لیکچر دیتا ہے، ہم احمقوں کی جنت میں نہیں رہ رہے۔

چاہتا ہوں لوگ میری بات براہ راست سنیں، میری گفتگو کا مکمل حصہ میڈیا رپورٹ نہیں کرتا، صدر مملکت بھول جاتے ہیں کہ وہ پی ٹی آئی کے ورکر ہیں، کیچڑ مجھ پر اچھالا گیا لیکن برداشت ان سے نہیں ہورہا تھا، صدر مملکت نے ایوان صدر میں بیٹھ کر تین انٹرویوز دیے۔

جسٹس عمر عطابندیال نے کہا کہ صدر کبھی میڈیا ٹرائل نہیں کرواتے یہ خود ہو جاتا ہے، بہتر ہو گا ان باتوں پر نہ جائیں، عدالت جس سماعت کے لیے بیٹھی ہے اس سے بات دوسری طرف جاچکی ہے، ہمیں کمنٹری سننے پر مجبور نہ کریں، آپ بات اس طرف لے گئے کہ حکومت نے آپ کی تضحیک ہو گی۔

جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیے کہ مزید تین سال بینچ میں رہنے یا پنشن لینے میں کوئی دلچسپی نہیں، میری دلچسپی صرف عدلیہ کی عزت اور احترام میں ہے، میرے خلاف یوٹیوب پر پراپگینڈہ کیا جا رہا ہے، یوٹیوب چینل نہیں بنا سکتا اس لیے عدالت میں کھڑا ہوں۔

جنٹس فائز عیسیٰ نیاستفسار کیا کہ بول ٹی وی کا مالک کون ہے یہ کوئی نہیں بتائے گا، سمیع ابراہیم نے سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کو آصف سعید کھوتا کہا، دبئی میں بول ٹی وی کے شیئرز کس کے پاس ہیں میڈیا ذکر نہیں کرے گا،عدالت نے جسٹس عیسی کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

Comments are closed.