تر بیلا پاور ہاوس میں خرابی۔ ملک کے متعدد شہروں میں بجلی بند

    فائل فوٹو

اسلام آباد (ویب ڈیسک )ملک کے بیشتر حصو ں میں بجلی کا بریک ڈاون ۔تربیلا پاور پلانٹ میں فنی خرابی کے باعث لاہور، ملتان، بہاولپور سمیت پنجاب اورخیبرپختونخوا کے بیشتر شہر بجلی سے محروم ہوگئے۔

این پی سی سی کے حکام کا کہنا ہے پاور پلانٹ کی جلد بحالی کی کوشش کی جارہی ہے تاہم تین گھنٹے گزرنے کے باوجود صورتحال جوں کی توں ہے۔

بتایا گیا ہے کہ تربیلا پاور پلانٹ میں بریک ڈاؤن کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی۔

صبح 10 بجے سےسوات میں بجلی کی فراہمی معطل ہے جب کہ لکی مروت، ملتان اور بہاولپور اور گرد و نواح میں صبح سوا 9 بجے سے بجلی کی سپلائی بند ہے۔

چکوال اور اس کے گرد و نواح میں ساڑھے 9 بجے سے بجلی کی فراہمی بند ہے۔

ادھر ترجمان ایٹمی توانائی کمیشن کا کہنا ہے کہ تربیلا پاور پلانٹ سے شروع ہونے والی ٹرپنگ سے چاروں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹس بھی ٹرپ کرگئے۔

ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ کراچی، بلوچستان اور سدرن پنجاب میں صورتحال ٹھیک ہے، عارضی مسئلہ ہے جلد بند پاور پلانٹس بحال ہوجائیں گے اور  ملکی سطح پر فالٹ کو قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

پنجاب کی صنعتوں کو 10 گھنٹے لوڈشیدنگ کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا جس پر آج سے عملدرآمد ہوگا۔ لوگ بجلی کی بندش پر سراپا احتجاج ہیں۔

Comments are closed.