بھارتی اقدام اقوام متحدہ کے خلاف اعلان بغاوت ہے، شہباز شریف، بلاول،فردوس عاشق ردعمل


اسلام آباد (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرشہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے خصوصی اختیارات سے متعلق آرٹیکل 370 ختم کرنے کی پرزورمذمت کی ہے۔

ردعمل میں شہباز شریف نے  کہا بھارتی اقدام ناقابل قبول ہے مودی سرکار کا اقدام اقوام متحدہ کے خلاف اعلان بغاوت اور جنگ ہے۔

انھوں نے نے کہا کہ پاکستان فی الفور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کرے اور چین، روس، ترکی، سعودی عرب اور دیگر دوست ممالک سے فوری رابطہ اور مشاورت کی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کشمیریوں کو پیغام دیتے ہیں کہ ان کے جائز قانونی اور انسانی حقوق کے لیے پاکستان ہر حد تک جائے گا، کشمیری تنہا نہیں،کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ قائداعظم کے اس فرمان پر ہر پاکستانی کٹ مرنے کو تیار ہے کہ ہماری شہہ رگ اور قومی عزت و غیرت پر ہاتھ ڈالنے والا بھیانک انجام سے دوچار ہو گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی کوشش بھارتی سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے فیصلوں کی بھی توہین ہے۔

انہوں نے کہا کہ استصواب رائے کشمیریوں کا جمہوری حق ہے لیکن بھارت کشمیر میں جمہوریت کا قتل کر رہا ہے جو عالمی برادری کا امتحان ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کشمیر کی صورت حال پر پارلیمان کا مشترکہ ہنگامی اجلاس بلایا جائے، صورتحال کا گہرائی سے جائزہ لے کر جامع حکمت عملی مرتب کی جائے کیونکہ یہ پاکستان کے قومی مفاد کا معاملہ ہے، اس پر پورا پاکستان ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی وعسکری قیادت کے اجتماعی فیصلوں کا وقت آگیا ہے، کشمیر کاز کے لیے پاکستان ایک آواز اور متحد ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی بھارتی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 ختم کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں پر بھارت کے مظالم ناقابل برداشت ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ انتہا پسند بھارتی حکومت کے عزائم کھل کر سامنے آ چکے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے مطالبہ کیا کہ فی الفور مشترکہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت پوری قوت سے جاری رکھے گا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت نہ بھولے کہ حق پر کھڑی قوم کو کوئی بندوق، کوئی ظلم اور کوئی سازش شکست نہیں دے سکتی۔

Comments are closed.