بھارتی اداکارہ کو پاکستانی فنکاروں حمایت پر قتل کی دھمکیاں ملنے لگیں

ممبئی(ویب ڈیسک) بھارتی ادا کارہ شلپا شندے نے پلوامہ حملے پر پاکستانی فنکاروں کی ہاں میں ہاں کیا ملائی ہندو انتہا پسندوں نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دینا شروع کردیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق معروف ٹی وی رئیلی شو بگ باس سیزن 11 کی فاتح شلپا شندے نے انکشاف کیا ہے کہ پلوامہ حملے سے متعلق پاکستانی فنکاروں کی حمایت کی تھی۔

انھوں نے بتایا اس کے ساتھ ساتھ سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کے موقف کی تائید پر مجھے قتل کرنے اور زیادتی کا نشانہ بنانے جیسی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ پلوامہ حملے پر اپنے موقف کا اظہار کرتے ہوئے سدھو نے جو کچھ کہا مجھے اس میں کچھ غلط نہیں لگا، شلپا شندے نے دھمکیاں دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

شلپا شندے کا کہنا تھا کہ میں اس نئے رجحان کے سخت خلاف ہوں کہ اگر کسی کا نظریہ آپ سے مطابقت نہیں رکھتا تو اس پر پابندی عائد کردی جائے، بالی ووڈ میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے کا فیصلہ ان کی صلاحیتوں کی بنا پر کیا جانا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر کوئی سدھو کے پیچھے کیوں پڑا ہے کہ وہ پاکستان کو برا بھلا کہیں، سدھو یہ بات کہہ کر چھا گئے ہیں کہ اختلافات کو مذاکرات کی میز پر ہی حل کیا جاسکتا ہے۔

بگ باس سیزن 11 کی فاتح اداکارہ شلپا شندے نے حال ہی میں سیاست کے میدان میں قدم رکھا ہے، شلپا نے بھارتی وزیراعظم کی سب سے بڑی مخالف جماعت کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔

واضح رہے کہ پلوامہ حملے میں 40 سے زائد بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ پلواما واقعے پر پاکستان کو قصور وار نہیں ٹھہرایا جاسکتا ہے پاکستان کے ساتھ مذاکرات جاری رہنے چاہئیں۔

Comments are closed.