بعض اضلاع میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) حکومت نے
ملک کے بعض اضلاع میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ نویں تا بارہویں کے امتحانات مئی میں ہوں گے.

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نےاین سی او سی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں فیصلوں کا اعلان کیا ان کا کہنا تھا کہ ایسے اضلاع جہاں کورونا کے کیسز کی شرح زیادہ ہے وہاں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہیں گے۔

شفقت محمود کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تمام تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہیں گے تاہم اس بات کا فیصلہ صوبے کریں گے کہ کن اضلاع میں اسکول بند کرنے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نویں تا بارہویں جماعت کے امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہوں گے جب کہ کیمبرج کے امتحانات جلد شروع ہونے والے ہیں لیکن ان سے ایک اور میٹنگ کر کے کیمبرج سسٹم کا فیصلہ کریں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے، کن اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے ہیں اس کا فیصلہ صوبائی حکومتیں، حکومت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومت کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے پنجاب کے 9 اضلاع کے تعلیمی ادارے بند کیے گئے تھے پھر ایک اور ضلع کو بھی شامل کیا گیا اسی طرح ہم نے صرف پشاور کے تعلیمی ادارے بند کیے تھے لیکن وہاں مزید 8 اضلاع کو بھی شامل کرلیا گیا تو کس ضلع کو شامل کرنا ہے کسے نہیں اس بات کا فیصلہ بیماری کی شدت دیکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 11 اپریل تک کی بندش کے دوران اسکول انتظامیہ اگر اساتذہ کو اسکولز بلانا چاہیں تو انہیں اس کی اجازت ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ ہم بیماری کی صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں گے اور ہمیں اس بات کا مکمل ادراک ہے کہ اسکول بند کرنے سے بچوں کی تعلیم کا نقصان ہوتا ہے لیکن صحت ہماری اولین ترجیح ہے اس پر خطرہ مول نہیں لے سکتے۔

Comments are closed.