ایران کی سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو نے دیں گے۔ جواد ظریف

اسلام آباد: (ویب نیوز) پلاننگ کمیشن آف پاکستان کے ڈپٹی چیرمین سر تاج عزیز نے پاک ایران تعلقات مضبوط کرنے پر زور دیا ہے۔

اسلام آباد کے انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹدیز میں ایران پاکستان تعلقات کے ستر سال مکمل ہونے پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان ایران تعلقات میں کشیدگی رہی ہے لیکن ہم نے ہمیشہ مضبوطی کے لیے کوششیں کیں۔

ہمارے تعلقات کی مضبوطی چاہنے والوں کی تعداد ان سے زیادہ ہے جو لوگ تعلقات میں کشیدگی چاہتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ پاک ایران باہمی تعلقات، مثالی اور گہرے ہیں۔ ایران اور پاکستان کے درمیان بینکاری کے شعبے میں حائل رکاوٹوں کے جلد دور ہونے کی توقع ہے۔ امید ہے کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ جلد مکمل ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ دونوں برادر ممالک کبھی ایک دوسرے کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔ ہم کسی کو بھی ایرانی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ اس خطے میں داعش کی موجودگی ہم سب کے لیے خطرہ ہے۔ خطے میں امن کے قیام کے لیے مسم امہ کا اتحاد بہت ضروری ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف 3 روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں۔ اپنے اس دورے کے دوران وہ پاکستانی قیادت کے علاوہ پاک ایران بزنس فورم سے خطاب اورتاجر برادری سے ملاقاتیں کریں گے۔

Comments are closed.