انضمام الحق جونیئرز بیٹسمینوں حیدرعلی اورعبداللہ شفیق پربرس پڑے


لاہور: پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر انضمام الحق جلد باز ی کرنے پر جونیئر کھلاڑیوں حیدر علی و عبداللہ شفیق کو آڑھے ہاتھوں لیا ہے انھیں کہا کہ ہے کہ محمد حفیظ کی بیٹنگ سے سیکھیں۔

ٹی ٹوئٹنی سیریز پر اپنے ردعمل میں میں انضمام الحق نے کہا کہ مشکل کنڈیشنز کی پرواہ کیے بغیر آتے ہی جارحانہ اسٹروکس کھیلنے کی کوشش میں الٹا ٹیم کیلئے مشکلات پیدا کی گئیں۔

انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ابتدائی دونوں میچز میں حیدر علی و عبداللہ شفیق نے آتے ہی چھا جانے کی حکمت عملی اپنائی اور کریز پر سیٹ ہونے کے بجائے وکٹیں گنواکر چلتے بنے۔

انضمام الحق نے کہا کہ آپ کیریئر کا دوسرا یا تیسرا میچ کھیل رہے ہیں، کنڈیشنز بھی آپ کیلئے نئی ہیں، آتے ہی اسٹروک کھیل کر کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں،تھوڑا وقت تو لیں، ماحول کو سمجھ کر پھر شاٹس بھی کھیلیں۔

سابق کپتان نے کہامحمد حفیظ نے بھی پہلے میچ میں غلطی کی تھی لیکن دوسرے میں ابتدائی8، 10گیندوں پر 2رنز بنائے پھر99کی جارحانہ اننگز کھیلی، جونیئرز کو ان سے ہی کچھ سبق سیکھ لینا چاہیے۔

سابق کپتان نے کہا کہ پچ میں ایسی کوئی بات نہیں تھی، سب کو معلوم ہے کہ نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں پچز پر باؤنس ہوتا اور ابتدا میں سنبھل کر کھیلنا پڑتا ہے، عبداللہ شفیق نے کراس بیٹ اسٹروک کیوں کھیلا؟

Comments are closed.