امریکہ کی بڑی یونیورسٹی میں700طالبات کے ساتھ جنسی زیادتی


لندن( ویب ڈیسک)امریکہ کی ایک بڑی یونیورسٹی میں 700سے زائد طالبات کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی، جامعہ کی انتظامیہ روکنے میں بری طرح ناکام رہی۔

اس حوالے سے برطانوی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی سدرن کیلی فورنیا یونیورسٹی میں 700 سے زائد طالبات کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ یونیورسٹی جنسی زیادتی روکنے میں ناکامی پر 85 اعشاریہ 2 کروڑ ڈالر ہرجانے کی ادائیگی پر رضا مند ہوگئی ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ ان واقعات کو روکنے میں بے بسی پر جرمانہ ادائیگی پر آمادگی ظاہر کی گئی۔

زیادتی کا شکار ہونے والی طالبات نے یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ کر رکھا تھا، جس میں یونیورسٹی کے ایک ڈاکٹر پر بھی 1990 سے 2016ء کے عرصہ میں خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام تھا۔

واضح رہے کہ یونیورسٹی کی سابقہ طالبات کی جانب سے جنسی زیادتی الزامات کی زد میں آنے والا ڈاکٹر ماہر امراضِ نسواں ہے اور اس نے اس پیشہ کا ناجائز فائدہ اٹھایاہے ۔

برطانوی میڈیا کے مطابق کسی بھی تعلیمی ادارے میں جنسی زیادتیوں کے واقعات کے ازالے کے طور پر ادا کی جانے والی یہ سب سے بڑی رقم ہے۔

اسٹیٹ کورٹ میں دائر مقدمے میں 26 سال کے دورانیہ میں زیادتی کا شکار ہونے والی 710 طالبات نے الزامات عائد کیے ہیں اور یہ سلسلہ ابھی رکنے میں نہیں آیا۔

Comments are closed.