افغانستان سمیت آج خلیجی ممالک میں عیدالضحیٰ،مسجد الحرام میں روح پرور اجتماع

اسلام آباد (زمینی حقائق )افغانستان سمیت آج خلیجی ممالک میں عیدالضحیٰ مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے جب کہ مسجد الحرام میں نمازعید کا روح پرور اجتماع ہوا۔

فلسطین میں نماز عید کا اجتماع

مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کے سب سے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں لاکھوں فرزندان توحید اپنے مالک کے حضور سربسجود ہو کر اس دنیا میں عطا کردہ بے پایاں نعمتوں کا شکر بجا لاتے نظر آئے۔

دنیا بھر سے آئے لاکھوں مسلمان گزشتہ روز حج کے رکن اعظم کے بعد آج عید الاضحی منانے میں مصروف ہیں، مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جن میں امت مسلمہ کی خوشحالی اور کامیابی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

مختلف ممالک میں آئمہ کرام نے خطبہ عید میں فلسفہ قربانی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں کو اسوہ حسنہ پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔ انھوں نے خدا کے احکامات کے تحت اس فانی دنیا کی بجائے آخرت کیلئے زندگیاں وقف کرنے کا درس دیا۔

حجاج کرام نماز عید کے بعد منیٰ روانہ ہو گئے جہاں سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کی جا رہی ہے۔ منیٰ، مکہ، جدہ مدینہ اور دیگر شہروں میں خصوصی مذبح خانوں کا اہتمام کیا گیا۔

تھاہی لینڈ

حجاج شیطان کو کنکریاں مارنے، قربانی کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کریں گے۔

متحدہ عرب امارات میں نماز عید کا بڑا اجتماع شیخ زاید مسجد ابوظہبی میں ہوا۔دبئی، شارجہ اور دیگر ریاستوں میں بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔

اس کے علاوہ فلسطین، عراق، افغانستان، انڈونیشیا اور تھائی لینڈ میں بھی مسلمان عیدالاضحیٰ منا رہے ہیں۔

ترکی، کویت کے علاوہ نائیجیریا سمیت کئی افر یقی ممالک میں بھی عیدالاضحی آج مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے جب کہ پاکستان میں کل عید ہو گی۔

Comments are closed.