اشتہاری مجرموں کے انٹرویوز، تقریر اور خطاب نشر کرنے پر پابندی

فوٹو:آن لائن

اسلام آباد(ویب ڈیسک )پیمرانے تمام ٹی وی چینلز کو مفرور اور اشتہاری قرار دیے جانے والےمجرموں کے انٹرویوز، تقاریر اور عوامی اجتماعات سے خطاب نشر کرنے اور ریکارڈنگ چلانے سے روک دیا۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے تمام ٹی وی چینلز کو مراسلہ جاری کیا گیاہے جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت لائسنس یافتہ ٹی وی چینلز مفرور اور اشتہاری قرار دینے جانے والےمجرموں کے انٹرویوز، تقاریر اور خطابات نشر نہیں کر سکتے اور نہ ہی ان کی ریکارڈنگ چلائی جا سکتی ہے۔

مراسلہ کے مطابق پیمرا ترمیمی ایکٹ 2007 کے سیکشن 27 کے تحت اشتہاری اور مفرورمجرموں کے انٹرویوز اور خطاب نشر نہیں کیے جاسکتے۔پیمرا کی جانب سے یہ ہدایت ایک شہری کی جانب سے دائر درخواست پر جاری کی گئی ہے۔

شہری کی درخواست میں توجہ دلائی گئی تھی کہ بعض ٹی وی چینلز مفرور اور اشتہاری افراد کی تقاریر براہ راست نشر کر رہے ہیں جو متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

مراسلے میں ٹی وی چینلز کو کہا گیا ہے کہ وہ زیر سماعت مقدمات کی صرف اتنی خبر نشر کر سکتے ہیں جس میں کیس سے متعلق معلومات دی گئی ہوں جبکہ اس طرح کا کوئی مواد نشر نہیں کیا جا سکتا جو کیس پر اثرانداز ہوتا ہو۔

خیال رہے کہ نواز شریف کو توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے جبکہ پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز ہوچکا ہے۔

یادرہے سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایک عرصہ بعد پیپلز پارٹی کی اے پی سی میں ویڈیو لنک پر خطاب کیا تھا تاہم بتا یا گیا تھا کہ اس خطاب کے نشر کرنے کی اجازت وزیراعظم عمران خان نے دی ہے۔

Comments are closed.