اسلام آباد، کورونا مریض دم توڑ گیا، شہزاد ٹاؤن میں ایک کیس کی تصدیق

فوٹو : سکرین گریب

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام ) وفاقی دارالحکومت کے
جی تھرٹین میں غیر مصدقہ اطلاع کے مطابق کوروناوائرس سے متاثرہ مریض دم تور گیاجبکہ شہزاد ٹاون میں کورونا کا ایک اور کیس سامنے آنے پر علاقہ سیل کر دیا گیا.

کرونا وائرس سے ہلاکت کا یہ واقعہ سکیڑ جی 13 میں پیش آیاہے،مہلک وائرس سے متاثرہ مریض نے خود کو گھر میں قرنطینہ کیا تھا، اس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر چل رہی ہے.

امدادی کارکن مذکورہ گھر میں پہنچا تاہم تب تک مریض دم توڑ چکا تھا امدادی کارکن کو گھر والوں نے جب بتایا کہ یہ کورونا کا مریض ہے تو انھوں نے ون فائیو کو کال کرکے بتانے کا مشورہ دیا.

ادھر شہزاد ٹاون میں کورونا کا ایک اور کیس سامنے آنے پر علاقہ سیل کر دیا گیا، آنے اور جانے پر مکمل پابندی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ اسلام آباد میں‬ ‫لاہور تبلیغی جماعت سے واپس آنے والے ایک اور شخص میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے ۔ ڈی سی اسلام آباد نے کہا ہے کہ ‫تبلیغی جماعت کے 16 افراد میں کرونا کی تصدیق ہو چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی جس شخص میں تصدیق ہوئی ہے وہ گلی نمبر 6 کا رہائشی ہے یہ علاقہ سابق صدر پرویز مشرف کے گھر کے قریب ہے جب کہ کچھ ہی فاصلے پر این آئی ایچ ہے.

اس سے قبل وفاقی دارالحکومت میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد انتظامیہ نے نواحی علاقے بارہ کہو کو مکمل سیل کر دیا۔ پولیس اور فوج کے جوان تعینات کر کے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے.

بارہ کہو میں مکینوں کی مکمل سکریننگ کی جا ئے گی،راولپنڈی اسلام آباد میں بین الاضلاعی اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ بھی مکمل طور پر معطل ہے.

جڑواں شہروں میں میٹروبس سروس صبح ساڑھے 8 سے ساڑھے 10 اور شام ساڑھے 3 سے ساڑھے 5 بجے تک آپریشنل رہے گی، مسافروں کو ایک سیٹ چھوڑ کر بیٹھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

جڑواں شہروں میں جزوی لاک ڈاؤن ہے اور لوگ اپنی گاڑیوں میں سفر کر رہے ہیں تاہم جگہ جگہ چیکنگ پر مامور اہلکار گاڑیاں روک کر سفر سے منع اور دو سواریاں بٹھانے کا مشورہ دے رہے ہیں.

Comments are closed.