آٹاچینی بحران کوتاہی تسلیم،ذمہ داروں کیخلاف کارروائی ہوگی،وزیراعظم

فوٹو : سکرین گریب

لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے میں نے یہ نہیں کہا کہ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے، میں نے کہا تھا کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کے اصولوں پر فلاحی ریاست بنائیں گے.

لاہور کے ایک روزہ دورے میں صحت سہولت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘میں چینی اور آٹے کے حالیہ بحران میں حکومت کی کوتاہی کو قبول کرتا ہوں اور بحران پیدا کرنے والے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان نے  کہا کہ  منصوبہ بندی کے تحت حکومت کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے اور پلان کرکے تاثر دیا جارہا ہے کہ ملک میں صورتحال ٹھیک نہیں، ہر بات پر دوسرا سوال یہ پوچھا جاتا ہے کہ کہاں ہے نیا پاکستان؟

عمران خان نے کہا کہ روپے کی قدر گرنے سے گھی کی قیمت میں اضافہ ہوا، آٹا چینی مہنگا ہونے میں ہماری کوتاہی ہے یہ میں مانتا ہوں، انکوائری ہور ہی ہے منہگائی سے پیسہ بنانے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے تحت اسپتالوں میں انتظامی تبدیلیاں لےکر آرہے ہیں، لیکن افسوس ہے کہ کچھ لوگ اسپتالوں میں اصلاحات لانے کے مخالف ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہدایت کی ہے کہ اشیائے خورونوش کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے جہاں ان سے وزیراعلی پنجاب نے ملاقات کی جس میں صوبے کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعلی نے عمران خان کو مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اٹھانے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کو ارزاں نرخوں پر اشیاء خورونوش کی فراہمی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز پر 15 ارب کا پیکج دیا ہے، آٹا اور چینی کی سرکاری قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے.

Comments are closed.