آصف زرداری اورفریال تالپورکی عبوری ضمانت میں 29اپریل تک توسیع

فائل فوٹو

اسلام آباد(ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواستوں پر سماعت کی۔

جسٹس عامر فاروق نے ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر عباسی سے استفسار کیا کہ نیب نے ابھی تک جواب داخل نہیں کیا، کب تک جواب داخل کریں گے؟

اس پر سردار مظفر نے بتایا کہ جواب تیار ہے کل تک داخل کردیا جائے، عدالت نے نیب کو تین روز کا وقت دیا اور کہا کہ بتائیں آصف زرداری کے خلاف کتنی انکوائریز چل رہی ہیں؟، یہ بھی بتائیں کہ کون سی انکوائری ہے جس میں فی الحال آصف زرداری کو نہیں بلایا گیا۔

نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ آصف زرداری کے خلاف تین انکوائریز اور دو انویسٹی گیشن چل رہی ہیں، اس کے علاوہ جو چیزیں میڈیا پر چل رہی ہیں اس کا علم نہیں۔

عدالت نے دونوں فریقین کی درخواستوں پر مختصر سماعت کے بعد آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع کردی۔

یاد رہےکہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی10 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کی تھی اور انہیں شامل تفتیش ہونے اور ہر سماعت پر حاضری یقینی بنانےکی ہدایت کی تھی۔

Comments are closed.