آزاد کشمیر اسمبلی کیلئے میرپور ڈویژن میں انتخابات آج ہورہے ہیں، تیاریاں مکمل
فوٹو :فائل
مظفرآباد: آزاد کشمیر اسمبلی کیلئے میرپور ڈویژن میں انتخابات آج ہورہے ہیں، تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں، آزاد جموں و کشمیر کے میرپور ڈویژن میں عام انتخابات 2026 کے لیے آج (27 جولائی) پولنگ ہوگی۔ ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق میرپور ڈویژن کے تین اضلاع، میرپور، بھمبر اور کوٹلی کے 13 انتخابی حلقوں میں انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انتخابی سامان، بیلٹ پیپرز اور دیگر ضروری مواد متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچا دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق انتخابی سامان کی ترسیل کے دوران پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے، جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنوں تک سامان کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ انتخابات کے پُرامن اور شفاف انعقاد کے لیے جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ پولنگ کے روز حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات ہوگی تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔
میرپور ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 296 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے علاوہ آزاد امیدوار بھی شامل ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ضلع میرپور کی 4، بھمبر کی 3 اور کوٹلی کی 6 نشستوں پر سخت انتخابی مقابلے متوقع ہیں، جبکہ خصوصاً ایل اے-3 میرپور، ایل اے-6 بھمبر اور ایل اے-10 کوٹلی میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی کے امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق ان 13 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 1 ہزار 439 ہے، جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
میرپور ڈویژن میں ووٹنگ کے لیے مجموعی طور پر 2,454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں ضلع میرپور کے چار حلقوں کے لیے 597، ضلع کوٹلی کے چھ حلقوں کے لیے 1,107 اور ضلع بھمبر کے تین حلقوں کے لیے 608 پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پولنگ کے مقررہ اوقات کے دوران اپنے قومی شناختی کارڈ کے ساتھ پولنگ اسٹیشن پہنچیں اور پرامن ماحول میں اپنا جمہوری حق استعمال کریں۔
Comments are closed.