کوئٹہ میں اعلیٰ سطح کااجلاس، پولیس کی استعداد بڑھانے ، دہشت گردی کیخلاف مربوط حکمت عملی پر اتفاق
فوٹو : اسکرین شاٹ
کوئٹہ : کوئٹہ میں اعلیٰ سطح کااجلاس، پولیس کی استعداد بڑھانے ، دہشت گردی کیخلاف مربوط حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں کی زیر صدارت بلوچستان میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جاری اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بلوچستان میں انسداد دہشت گردی فورس اور پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں صوبے کی پولیس کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق فیصلوں پر عملدرآمد تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ وزارت داخلہ کی جانب سے مطلوبہ وسائل کی فراہمی میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ بحالی امن کے لیے تیار کیے گئے ماسٹر پلان پر فوری اور مؤثر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ امن و امان کی حکمت عملی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بلوچستان پولیس کے سابق سربراہان کے تجربات اور مشاورت سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی، مؤثر انٹیلی جنس اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے، جبکہ وفاق اور بلوچستان حکومت امن کے قیام کے لیے مکمل یکجہتی اور ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت ہر محاذ پر ایک قدم آگے رہے گی اور کسی دباؤ میں نہیں آئے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی اور دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں چھوڑی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ کے فروغ سے نوجوانوں کا اعتماد بحال کیا جا رہا ہے اور انہیں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امن، ترقی اور خوشحالی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، اس لیے بلوچستان میں دونوں محاذوں پر بیک وقت پیش رفت یقینی بنائی جائے گی، جبکہ وفاق کے تعاون سے امن و امان کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں پر مزید تیزی سے عملدرآمد کیا جائے گا.
Comments are closed.