آئی سی سی نے کمنٹیٹرز کو امپائرزکے غلط فیصلوں پر تبصروں سے روک دیا

اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی نے ورلڈ کپ میں کمینٹری کرنے والوں کو امپائرز کی غلطیوں پر زیادہ لب کشائی سے روک دیا۔

واضح رہے انگلینڈ میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران امپائرز کی متعدد غلطیاں سامنے آئیں جس پر کمنٹیٹرز نے شدید تنقید کی تھی۔

اس حوالے سے جیو نیوز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے کمنٹری پینل میں شامل افراد کو ایک ای میل بھیجی گئی ہے۔

ای میل میں کہا گیا کہ امپائرز کے فیصلوں پر جائز تنقید ضرور کریں لیکن اس پر بات چیت کو زیادہ طول نہ دیں، جس پر بعض کمنٹیٹرز  نے آئی سی سی کے اس اقدام پر بھی اعتراض کیا۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ میں امپائرنگ کے متعدد غلطیاں دیکھنے میں آئی تھیں جس پر کمنٹری پینل کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔

سابق ویسٹ انڈین کرکٹر اور کمنٹیٹر مائیکل ہولڈنگ نے بھی آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے دوران ناقص امپائرنگ پر شدید تنقید کی تھی۔

آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران امپائرز کے 4 فیصلے ریویو کے بعد واپس ہوئے تھے۔

Comments are closed.