آئی ایس آئی نے صحافی پر تشدد سے لا تعلقی ظاہر کی ، وزارت اطلاعات


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی وزارت اطلاعات نے واضح کیا ہے کہ آئی ایس آئی نے صحافی و بلاگر اسد طور پر مبینہ تشدد سے مکمل لاتعلقی ظاہر کی ہے۔

اس حوالے سے وزارت اطلاعات کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ آج وزارت اطلاعات اور آئی ایس آئی کا اعلیٰ ترین سطح پر رابطہ ہوا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق آئی ایس آئی نے اسد طور پر مبینہ تشدد سے مکمل لاتعلقی ظاہر کی ہے، آئی ایس آئی سمجھتی ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کی شکلیں واضع ہیں، تفتیش آگے بڑھنی چاہیے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لانی چاہیے، آئی ایس آئی اس سلسلے میں تفتیشی اداروں سے مکمل تعاون کرے گی۔

وزارت اطلاعات کے مطابق ہم اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس سے رابطے میں ہیں، امید ہے کہ ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بغیر ثبوت اداروں پر الزامات کی روش ختم ہونی چاہیے، منفی روایات ملکی اداروں کے خلاف سازش کا حصہ ہیں، جلد اصل کردار بے نقاب ہوں گے۔

Comments are closed.