امید ہے انتخابات کا عمل بخیریت مکمل ہوگا،چیف الیکشن کمشنر

45 / 100

فائل:فوٹو
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کا کہنا ہے کہ امید ہے انتخابات کا عمل بخیریت و عافیت مکمل ہوگا۔ الیکشن کمیشن وزارت داخلہ کو انٹرنیٹ سروسز کے حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دے گا۔

سکندر سلطان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ روز بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات ہوئے، سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا وزارت داخلہ اور ایجنسیز کا کام ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن وزارت داخلہ کو انٹرنیٹ سروسز کے حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دے گا۔ ہم کہیں موبائل سروس کھول دیں اور دہشتگردی کا کوئی واقعہ ہوجائے تو کون ذمہ دار ہوگا، ہمارا سسٹم انٹرنیٹ پر انحصار نہیں کرتا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔ امن و امان قائم رکھنے، ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔

Comments are closed.