عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے،مرتضیٰ سولنگی

46 / 100

فائل:فوٹو
اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کاکہناہے کہ الیکشن کے حوالے سے تمام مفروضے اور افواہیں دم توڑ چکی ہیں، عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو معاونت فراہم کرنا نگران حکومت کی ذمہ داری ہے، آئین کے تحت منتخب نمائندے ملک چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں عدالت سے ایک فیصلہ آیا جس سے کچھ لوگوں کو بہت تکلیف ہوئی، پارٹی کے اندر بھی جمہوریت ہونا بہت لازم ہے، پارٹی کے اندر جمہوریت نہیں ہے تو کل مصیبت آپ کیلئے بھی ہوسکتی ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ پارٹی میں جمہوریت نہ ہو اور آپ ملک میں جمہوریت کا جھنڈا لیکر چل پڑیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ معیشت، خارجہ پالیسی، تعلیم، صحت سمیت اہم امور منشور ہوتے ہیں، سب سے پہلے 300 یونٹ فری بجلی کی بات جماعت اسلامی نے کی تھی، وعدے اور دعوے کرنا کوئی بڑی بات نہیں، وعدوں اور دعویٰ کی تکمیل سیاسی جماعتوں کا ہی کام ہے، ہمیں اپنے ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانا ہوگا۔

مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ عام انتخابات میں میڈیا کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے، الیکشن کے حوالے سے میڈیا کو ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرنا ہوگی، 18 ویں ترمیم سے صوبوں کو بااختیار بنایا گیا ہے

Comments are closed.