سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس اعجازالاحسن نےبھی استعفیٰ دے دیا
فوٹو: فائل
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس اعجازالاحسن نےبھی استعفیٰ دے دیا، گزشتہ روزسپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر نقوی نے استعفیٰ دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق جسٹس اعجازالاحسن نے2 دن قبل سابق جسٹس مظاہرنقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی سے اختلاف کیا تھا۔
جسٹس اعجازالاحسن نے آج سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی اور وہ سپریم جوڈیشل کونسل سے الگ ہوگئے جس کے بعد جسٹس منصور کو کونسل میں شامل کرلیا گیا۔
سپریم جوڈیشل کونسل نےجسٹ مظاہر نقوی کے مستعفی ہونے اور صدر مملکت کی طرف سے استعفیٰ منظور ہونے کے باوجود آج مستعفی جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
سپریم کورٹ میں جسٹس اعجازالاحسن کی سنیارٹی میں تیسرے سینئر ترین جج تھے، رواں سال اکتوبر میں انہیں ملک کا آئندہ چیف جسٹس بننا تھا اور اگست 2025 میں ان کی ریٹائرمنٹ ہونا تھی۔
جسٹس (ر) مظاہر نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس زیر سماعت ہے جس میں ان پر اثاثوں سے متعلق الزامات ہیں جب کہ ان کی ایک مبینہ آڈیو بھی سامنے آئی تھی،یہ سماعت کل بھی جاری رہے گی۔
Comments are closed.