بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بھی گرفتاری ڈال دی گئی

50 / 100

فائل:فوٹو
راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بھی گرفتاری ڈال دی گئی جبکہ کیس میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر عدالت نے پولیس کو بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ہی تفتیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی سے متعلق مقدمات کی سماعت ہوئی، جج ملک اعجاز آصف نے مقدمات کی سماعت کی۔

بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے وڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا، تمام 12 مقدمات کے ایس ایچ اوز ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔

تھانہ آر اے بازار پولیس نے عدالت کو بانی پی ٹی آئی کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتاری سے متعلق آگاہ کیا۔

دوران سماعت تھانہ آر اے بازار پولیس نے بانی پی ٹی آئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت نے پولیس کو بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ہی تفتیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

گزشتہ روز آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات نے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے روبکار جاری کئے تھے، روبکار میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور ہو چکی ہے، کسی دوسرے مقدمے میں نامزد نہیں تو رہا کیا جائے۔

خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت توشہ خانہ اور 190ملین پاوٴنڈز ریفرنسز میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

Comments are closed.