نگران وزیراعلی خیبرپختونخواارشد شاہ نےہزارہ یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے
فاروق احمد
مانسہرہ:نگران وزیراعلی خیبرپختونخواارشد شاہ نےہزارہ یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے، جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے پرائم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت یونیورسٹی طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعلی نے کہا کہ ا علیٰ تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، اعلیٰ تعلیمی شعبے کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اورجامعات کے روایتی کورسز کو مارکیٹ سے مطابقت رکھنے والے کورسز سے تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لئے مربوط کاوشیں ناگزیر ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم صوبے کے بے روزگارنوجوانوں کو بیرون ملک بھیجنے کا پروگرام شروع کر رہے ہیں اور اس مقصد کے لئے پانچ لاکھ نوجوانوں کو بیرونی ممالک کی طلب کو مد نظر رکھتے ہوئے کریش کورسز کروائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر لیپ ٹاپ طلباء کے لئے ایک تحفہ ہیں جن کے بھرپور اور مثبت استعمال سے طلباء ٹیکنالوجی کی دنیا میں آگے بڑھ سکتے ہیں ۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے ساتھ مل کر صوبے کی مختلف جامعات کو مالی بحران سے نکالنے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
چیئر مین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے لئے پہلا آفاقی پیغام ہی علم کا حصول تھا جسے فراموش کرکے مسلمان ممالک ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔
چیئر مین ایچ ای سی نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے کے لئے ضروری ہے کہ ہم بحیثیت قوم اپنی سمت درست کرتے ہوئے پاکستانی نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے میدان میں آگے لائیں تاکہ قومی ترقی کا خواب پورا ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی نوجوان بہترین صلاحیتوں کے حامل ہیں اورضرورت صرف اس امر کی ہے کہ نوجوان طلباء کو درست رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملکی ترقی میں کردار ادا کر سکیں ۔
ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن مسائل کے باوجود ملکی جامعات کو وسائل فراہم کر رہی ہے جبکہ نوجوانوں کی کورسز سرٹیفکیشن کے لئے مائیکروسافٹ کے ساتھ کئی معاہدوں میں بھی شامل ہے جس سے جامعات کے ہزاروں طلباء و طالبات مستفید ہو رہے ہیں۔
اس سے قبل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے یونیورسٹی آمد پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ وائس چانسلر نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ آپ کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہونگے۔
انھوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ ان لیپ ٹاپ کو آپ اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں بھرپور طریقے سے استعمال کرتے ہوئے ٹیکنالوجی کے میدان میں نئی راہیں تلاش کریں ۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ اور چیئر مین ایچ ای سی نے یونیورسٹی کے سبزہ زار میں دیودار کے یادگاری پودے بھی لگائے۔
تقریب میں ہزارہ کی سیاسی، سماجی، تعلیمی اور ادبی شخصیات سمیت اعلیٰ صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے بھی شرکت کی۔پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم کے تحت یونیورسٹی کے 800سے زائد طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کئے جا رہے ہیں۔
Comments are closed.