بلاول بھٹوکے عوام سے بڑے وعدے،10 نکاتی منشور پیش کردیا، 300 یونٹ بجلی مفت
فوٹو: فائل
لاڑکانہ: سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر پیپلز پارٹی کا جلسہ، چیئرمین پیپلز پارٹی نے بلاول بھٹوکے عوام سے بڑے وعدے،10 نکاتی منشور پیش کردیا، 300 یونٹ بجلی مفت، کہا آپ مجھے سندھ سے 100 سیٹیں دیں میں عوام کی حالت بہتر بنا دوں گا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ایک سیاستدان جیل سے نکلنے اور دوسرا جیل سے بچنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے، آج بھی کچھ لوگ کچھ اور لوگوں کے کندھوں پر سیاست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں بینظیر بھٹو کی 16ویں برسی پر مرکزی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 16 سال پہلے کچھ قوتوں نے سوچا تھا کہ بےنظیر بھٹو کو شہید کرکے پیپلز پارٹی کو ختم کر دیں گے۔
انھوں نے کہا ہر سال جیالے گڑھی خدا بخش میں ان قوتوں کو للکارتے ہیں کہ وہ آج بھی شہداء کے ساتھ ہیں، آج بھی ملک میں کوئی سیاسی جماعت وفاق کو بچا سکتی ہے وہ پیپلز پارٹی ہے، ہم نے 1973 کے آئین کو 18ویں ترمیم کے ذریعے بحال کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم ان میں سے نہیں کہ مخالفین کے کاغذات نامزدگی چھینیں، ہم نے قائدین کو دفن کرنے کے بعد بھی الیکشن میں مقابلہ کیا، سیاسی جماعتوں کو پیغام ہےکہ الیکشن لڑو، پہلے یہ کسی اور کے کندھوں پر سیاست کرتے تھے، آج بھی کچھ لوگ کسی اور کے کندھوں پر سیاست کرنا چاہتے ہیں۔
انھوں نے کہا ہم ان میں سے نہیں کہ الیکشن سے بھاگیں، پرانی سیاست کو دفن کرنے کیلئے الیکشن میں جائیں گے،دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین ماضی کے سیاست دان ہیں، پرانی سیاست کرتے ہیں، مستقبل نوجوانوں کا ہے، ملک میں وفاق کو بچانے والی واحد جماعت پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ کہا تھا جمہوریت بہترین انتقام ہے، بھگوڑے آمر کو ملک سے باہر نکال کر وہ انتقام لیا، وقت آگیا ہے کہ عوامی راج قائم کرنے کیلئے وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنائیں،تین نسلوں سے بیروز گاری اور غربت کا مقابلہ کرتے آرہے ہیں۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ الیکشن کو مقابلہ سمجھتے ہیں، الیکشن سے ڈرتے نہیں، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، میڈیا پر چلنے والے ڈرامے کا جواب ملک کے عوام 8 فروری کو تیر پر مہر لگا کر دیں گے.
انھوں نے کہا کہ اٹھارہ مہینے جن کے ساتھ اتحادی حکومت میں رہے، انہیں معیشت، دہشتگردی اور جمہوریت سے دلچسپی نہیں تھی،مہنگائی، بیروزگاری، غربت اور دہشتگردی کے مقابلے کیلئے آپس کی لڑائیاں چھوڑنا پڑیں گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ عوام، مہنگائی، غربت، بیروزگاری کا خاتمہ چاہتے ہیں، عوام نے پیپلز پارٹی کو موقع دیا، تو 10 کام ترجیحی بنیادوں پر کروں گا۔
بلاول بھٹو کے جلسہ میں10 وعدے
حکومت بنائی تو پہلی ترجیح لوگوں کی تنخواہیں دگنی کرنا ہوگی،300 یونٹ بجلی مفت دی جائے گی،تعلیم مفت، مفت علاج کا نظام بنانا، غریبوں کو 30 لاکھ گھر بنا کر دیں گے.
اس کے علاوہ باقی سب کارڈز کا اعلان ہی کیاہے جن میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کارڈ،بے نظیر مزدور کارڈ،یوتھ کارڈ اور بھوک مٹاو پروگرام شامل ہیں۔
پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ پانچ سال میں ملازمین کی تنخواہوں کو دوگنا کیا جائے گا،
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیڈرز اور کارکنان الیکشن کی تیاری پکڑ لیں، دما دم مست قلندر ہوگا پیپلز پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مجھے جتوانا ہے، مجھے اکثریت چاہیے۔
بے نظیر بھٹو کی سولہویں برسی، گڑھی خدا بخش میں ہوئی، نوڈیرو سے گڑھی خدا بخش بھٹو مزار تک سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات تھے، برسی میں ملک بھر سے جیالوں نے شرکت کی۔
سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کو 16 سال پہلے آج ہی کے دن راولپنڈی کے لیاقت باغ میں شہید کیا گیا تھا۔
Comments are closed.