قلندرآباد کے گاوٴں ترھیڑی میں آتشزدگی، ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق
فوٹو : فائل
ایبٹ آباد: ضلع ایبٹ آباد کے علاقے قلندرآباد کے گاوٴں ترھیڑی میں آتشزدگی، ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق ہوگئے پہلے آگ لگی پھر مکان گر گیا۔
یہ المناک واقعہ قلندرآباد کے نواح میں مشہور گاوں بانڈی ڈھونڈاں کے قریب ترھیڑی میں پیش آیا ہے، پولیس کے مطابق آگ لگنے سے ذاکر عباسی کا پورا گھر جل کر راکھ ہوگیا جبکہ خاندان کے 9 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
مقامی کونسلر خاقان عباسی نے بتایا کہ گھر میں آتشزدگی سے نگینہ بیگم زوجہ محمد ذاکر اور ان کے 4 بچے اور 4 بچیاں جاں بحق ہوگئیں۔
جاں بحق ہونے والے خاندان کا سربراہ ذاکر عباسی بسلسلہ روزگار کراچی میں مقیم ہے، بتایا گیا ہے کہ گاؤں ترھیڑی میں شارٹ سرکٹ سے گھر میں آگ لگی جس کے باعث چھت بھی گرگئی۔
ریسکیو حکام کی طرف سے بھی گاؤں ترھیڑی میں آگ سے کچے مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد کے نیچے دب جانے سے اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔
ریسکیو حکام کا بتانا ہے کہ گھر میں آگ شارٹ سرکٹ سے لگی، مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گھر کے ملبے سے تمام لاشیں نکال لی ہیں.
ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ مکان کے ملبے سے نکالی جانے والی لاشیں ماں اور 8 بچوں کی ہیں.
Comments are closed.