ڈاکٹرفوزیہ کی 20 سال بعد اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے جیل میں ملاقات

51 / 100

فوٹو: فائل

ٹیکساس: ڈاکٹرفوزیہ کی 20 سال بعد اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے جیل میں ملاقات ہوئی ہے، دونوں بہنیں درمیان میں شیشہ ہونے کے باعث گلے نہ مل سکیں، یہ ملاقات دو مرحلوں میں ہوئی ہے.

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو کے مطابق قریب 20 سال سے امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی اپنی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان سے ملاقات ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ریاست ٹیکساس کے فورٹ ورتھ جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ سے ’تین گھنٹے طویل ملاقات‘ کے بعد سینیٹر مشتاق نے اس حوالے سے چند تفصیلات جاری کی ہیں۔

امریکی قیدی ڈاکٹر عافیہ سے ان کی بہن کی کل دو ملاقاتیں ہوئی ہیں جن میں سے پہلی ملاقات وہ تنہا تھیں جبکہ دوسری ملاقات میں ان کے ساتھ وکیل کلائیو سٹیفورڈ سمتھ اور جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان بھی موجود ہیں

ملاقات کے بعد جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے بتایا ہے کہ پہلی ملاقات کا دورانیہ ڈھائی گھنٹے تھا جس دوران عافیہ نے اپنی بہن کو بتایا تھا کہ انھیں اپنی ماں کی وفات کا علم نہیں تھا۔

انھوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران ڈاکٹر فوزیہ کو عافیہ سے گلے ملنے اور ہاتھ ملانے تک کی اجازت نہیں تھی۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ڈاکٹر فوزیہ کو اس بات کی اجازت بھی نہیں دی گئی کہ وہ ڈاکٹر عافیہ کو ان کے بچوں کی تصاویر دکھا سکیں۔

تین گھنٹوں پر محیط دوسری ملاقات، جس میں سینیٹر مشتاق بھی شامل تھے، کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ ’سفید سکارف اور خاکی جیل ڈریس میں ملبوس ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے ملاقات کے دوران کہا کہ اُن کو اپنی والدہ اور بچے ہر وقت یاد آتے ہیں۔‘

سینیٹر مشتاق احمد خان نے دعویٰ کیا کہ ڈاکٹر عافیہ کے سامنے والے دانت جیل میں ہونے والے حملے کی وجہ سے گر چکے ہیں جبکہ ان کو سر پر ایک چوٹ کی وجہ سے سننے میں بھی مشکل پیش آ رہی تھی

خیال رہے کہ مارچ 2003 میں پاکستانی نیورو سائنسدان ڈاکٹر عافیہ کراچی سے لاپتہ ہوئی تھیں۔ انھیں افغانستان میں امریکی فوجیوں پر حملے کے الزام میں 2010 میں امریکہ میں 86 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

امریکی محکمۂ انصاف نے انھیں ’القاعدہ کی رکن اور سہولت کار‘ قرار دیا تھا، عافیہ صدیقی سے ملاقات کے بعد اپنے ایک ویڈیو بیان میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے بتایا کہ جیل میں عافیہ صدیقی کی حالت پہلے سے زیادہ خراب محسوس ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عافیہ کی حالت بیان کرنے کیلئے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ ملاقات کے اختتام پر بہت دکھی ہوں، عافیہ صدیقی کوایک بار پھراسی حالت میں چھوڑآئی ہوں۔

فوزیہ صدیقی کے وکیل کلائیواسٹیفورڈ اسمتھ نے کہا کہ دونوں بہنوں کوایک دوسرے کو چھونے کی اجازت نہیں تھی۔

Comments are closed.