ایکس پر غیر متحرک اکاؤنٹس کی خرید و فروخت متوقع
فوٹو فائل
نیویارک: مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر جلد ہی ممکنہ طور پر غیر متحرک ٹوئٹر ہینڈلز یعنی اکاؤنٹس کی خرید و فروخت شروع کی جائے گی۔
امریکی جریدے ’فوربز‘ کے مطابق ٹوئٹر کے ایک ملازم نے نام نہ بتانے کی شرط پر انہیں معلومات فراہم کی، جس کے مطابق جلد ہی ایکس پر ایک ایسا مارکیٹ پلیس فیچر متعارف کرایا جائے گا، جہاں غیر متحرک اکاؤنٹس کی خرید و فروخت کی جا سکے گی۔
منصوبے کے تحت صارفین اپنی مرضی کے وہ اکاؤنٹس خرید سکیں گے جو ٹوئٹر پر پہلے سے ہی موجود ہیں لیکن وہ کسی اور کی ملکیت ہیں یا پھر انہیں بنا کر غیر متحرک چھوڑ دیا گیا، یعنی خریدنے والے افراد کوئی ایسا اکاؤنٹ بھی خرید سکیں گے جو ان کے نام سے بنا ہوا ہو یا پھر کوئی بھی کمپنی پہلے ہی اپنے نام کے بنے ہوئے اکاؤنٹ کو خرید سکے گی۔
اندازوں کے مطابق ٹوئٹر پر تقریبا ڈیڑھ ارب ایسے اکاؤنٹس ہیں جو غیر متحرک ہیں یا پھر انہیں کبھی کبھار ہی استعمال کیا جاتا ہے اور یہ ان میں سے کروڑوں اکاؤنٹس ایسے ہیں جو ملتے جلتے ناموں سے بنے ہوئے ہیں۔
اگرچہ فوری طور پر ٹوئٹر نے اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی لیکن فوربز کو ٹوئٹر کے حالیہ ملازم کی جانب سے بھیجی گئی ای میل میں بتایا گیا کہ جلد ہی ایکس پر ایسا فیچر پیش کیا جائے گا، جس کے تحت کوئی بھی اکاؤنٹ کو خرید یا فروخت کر سکے گا۔
اس ضمن میں ٹوئٹر ثالث کا کردار ادا کرے گا اور خریدنے اور بیچنے والے کے درمیان اپنی فیس کا کچھ حصہ بھی رکھے گا اور زیادہ سے زیادہ کسی اکاؤنٹ کی قیمت 50 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تقریبا ڈیڑھ کروڑ روپے لگائی جائے گی۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایکس پر مذکورہ فیچر اگلے چند ماہ میں پیش کیا جائے گا، زیادہ تر امکان یہی ہے کہ اسے 2024 کے وسط سے قبل ہی متعارف کرایا جائے گا۔
Comments are closed.