ہلالِ احمر نے 28 لاکھ متاثرین سیلاب کی مدد کی،سردار شاہد احمد لغاری
فوٹو: پی آر
اسلام آباد: ہلالِ احمر پاکستان سیلاب زدگان کی بحالی و تعمیر نو میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا، ہلالِ احمر نے 28 لاکھ متاثرین سیلاب کی مدد کی،سردار شاہد احمد لغاری کا کہنا تھا کہ ریسکیو اور ریلیف کے مرحلہ میں 2.8 ملین متاثرین کی مدد کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب بھی بلوچستان اور سندھ کے 8 شدید متاثرہ اضلاع میں بحالی و تعمیر ِ نو کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ اپنے ڈونرز اور موومنٹ پارٹنرز کی جانب ملنے والا اعتماد ہمارے لیے قیمتی سرمایہ ہے۔
اِن خیالات کا اظہار ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے ”فنڈریزنگ لنچ“ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اِس سے قبل ہلالِ احمر پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبیداللہ خان نے ریڈکراس ریڈکریسنٹ موومنٹ کی تاریخ اور ہلالِ احمر پاکستان کی سرگرمیوں اور جاری پروگراموں سے متعلق بتایا.
انہوں نے موسمیاتی تبدیلی، آلودہ پانی کے استعمال، صحت عامہ کو درپیش مسائل کا بھی احاطہ کیا۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفراء کرام، متعدد شخصیات، مخیر حضرات اور موومنٹ پارٹنرز کے علاوہ انٹرنیشنل اداروں، مقامی غیرسرکاری اداروں کے مندوبین شریک تھے۔
چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری نے کہا کہ ہلالِ احمر کو ہم نے نئی جہت دے دی ہے۔ مختلف پروگراموں کے ذریعے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری ہے۔
سردار شاہد احمد لغاری نے مخیر حضرات، انٹرنیشنل و نیشنل ڈونرزسے اپیل کی کہ وہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں سولرائزڈ واٹرفلٹریشن پلانٹس کی تنصیب، ذرائع معاش، ماڈل شیلٹر ہاؤس، صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی میں بھرپور تعاون کریں۔
انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈکراس کے پاکستان میں ہیڈ آف ڈیلی گیشنز نکولس لیمبرٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پوری دنیا کیلئے وبال بنی ہوئی ہے۔ اِن حالات میں تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت کو وسعت دے کر ہم آفات سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز نیشنل سوسائٹی ہلالِ احمر کے ساتھ تعاون کریں۔
ہلالِ احمر کے رضاکاروں کی قدرتی آفات کے دوران خدمات قابل ِستائش ہیں۔ تقریب کے اختتام پر موومنٹ پارٹنرز، انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈکراس، ڈونرز حضرات کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔
Comments are closed.